مسعود بھوپالی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بک رہا ہوں سر بازار ذرا دیکھو تو (غزل)
بک رہا ہوں سر بازار ذرا دیکھو تو
ہے کوئی میرا خریدار ذرا دیکھو تو
گھٹ گیا علم کا معیار ذرا دیکھو تو
کچھ نہیں قیمت فن کار ذرا دیکھو تو
میرے پرکھوں نے جو محنت سے اٹھائی تھی کبھی
گر گئی گھر کی وہ دیوار ذرا دیکھو تو
دیکھتے رہ گئے سب لوگ شکایت ہے یہی
لٹ گئے ہم سر بازار ذرا دیکھو تو
کون یہ تم سے کہے میری طرف ایک نظر
میرے ہمدم مرے غم خوار ذرا دیکھو تو
کس کا گھر لٹ گیا سیلاب حوادث میں یہاں
دوستو آج کا اخبار ذرا دیکھو تو
قافلے والوں سے مسعودؔ چلو بڑھ کے کہو
زیست کی راہ ہے دشوار ذرا دیکھو تو
یہ بری ہے جناب کی عادت (غزل)
یہ بری ہے جناب کی عادت
چھوڑ دیجے شراب کی عادت
برق کا کام پھونکنا گلشن
مسکرانا گلاب کی عادت
ہم نہیں تھے تو کس نے ڈالی ہے
یہ سوال و جواب کی عادت
لوگ سب جانتے ہیں دنیا میں
دل خانہ خراب کی عادت
چند لوگوں میں ہم نے دیکھی ہے
جاگنے میں بھی خواب کی عادت
رات کی دھن اندھیرا پھیلانا
روشنی آفتاب کی عادت
دل مسعودؔ کی طرح یارو
ٹوٹ جانا حباب کی عادت