مسیح اللہ خاں عطاء کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
فتنہ پرور ہے فتنہ زا ہے جھوٹ (غزل)
فتنہ پرور ہے فتنہ زا ہے جھوٹ
ہر برائی کی ابتدا ہے جھوٹ
جھوٹ مانو نہ تم کہا میرا
منہ پہ جھوٹے کے کھیلتا ہے جھوٹ
نام رکھا ہے اس کا پالیسی
کیسا مقبول ہو گیا ہے جھوٹ
جو قسم بات بات پر کھائے
جان لو تم یہ بک رہا ہے جھوٹ
پا نہیں سکتا ہے دروغ فروغ
کیا بزرگوں نے یہ کہا ہے جھوٹ
سانچ کو آنچ تک نہ پہنچے گی
لاکھ دنیا میں چل رہا ہے جھوٹ
بچ کے جھوٹے سے چاہئے رہنا
پردۂ مکر اور دغا ہے جھوٹ
جھوٹ کو جھوٹ گر کہا ہم نے
تم ہی کہہ دو کہ اس میں کیا ہے جھوٹ
کانپ اٹھتا ہے اے عطا ایمان
جب کوئی شخص بولتا ہے جھوٹ
جب خدا مہربان ہے پیارے (غزل)
جب خدا مہربان ہے پیارے
مہرباں کل جہان ہے پیارے
مجھ سے کیوں بد گمان ہے پیارے
تو مرا دل ہے جان ہے پیارے
کیوں مریں ہم کسی کی الفت میں
جان ہے تو جہان ہے پیارے
حالت دل نہ پوچھ اے ہمدم
اک بڑی داستان ہے پیارے
آدمی کا برا بھلا سب کچھ
آدمی کی زبان ہے پیارے
بے نتیجہ ہے آج کل الفت
مفت کی کھینچ تان ہے پیارے
پیار کیسے نہ آئے اردو پر
کیسی پیاری زبان ہے پیارے
سچ ہے بے مایہ کی زمانے میں
کوئی عزت نہ شان ہے پیارے
آخری گھر کی فکر کر اے دل
تو یہاں میہمان ہے پیارے
ہم تمہارے ہیں تم ہمارے ہو
پردہ کیوں درمیان ہے پیارے
بے تکلف رہو مرے دل میں
یہ تمہارا مکان ہے پیارے
کون بڈھوں کو پوچھتا ہے عطاؔ
لاکھ ہمت جوان ہے پیارے