پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

منظور حسن نامی کی غزلیں — Manzoor Hasan Nami Ghazals

منظور حسن نامی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بد تر ہے موت سے مرا جینا ترے بغیر (غزل)

بد تر ہے موت سے مرا جینا ترے بغیر

دنیا نہیں ہے اب مری دنیا ترے بغیر

کچھ بھی رہا نہ زیست کا قصہ ترے بغیر

خاموش یاں زبان ہیں گویا ترے بغیر

بے رونقی جمود تعطل سکوت مرگ

ایسا ہے کائنات کا نقشہ ترے بغیر

یکسوئیے خیال کی اب لذتیں کہاں

در در بھٹک رہی ہے تمنا ترے بغیر

بربادیوں سے ربط اجل سے ہے ساز باز

سرگرمیاں جنوں کی ہیں کیا کیا ترے بغیر

بے کار ہے ہر ایک پرستش جو تو نہیں

برباد ہیں کنشت و کلیسا ترے بغیر

تھی دل سے ہی کشاکش ناز و نیاز سب

ہوگا نہ حسن و عشق کا چرچا ترے بغیر

ہنسنا تری نظر کے تبسم کے ساتھ تھا

اب زخم زخم ہے مرا رونا ترے بغیر

لاچار ہو کے بیٹھ گئیں چارہ سازیاں

ہوگا ترا مریض نہ اچھا ترے بغیر

یک بارگی زمانے کی رفتار رک گئی

بھولا ہے وقت آہ گزرنا ترے بغیر

نامے سے تیرے کیا ہو پرایوں کو واسطہ

اپنا ہوا نہ جب کوئی اپنا ترے بغیر

نہ پوچھ اے ہم نشیں ہم کس لیے لاچار بیٹھے ہیں (غزل)

نہ پوچھ اے ہم نشیں ہم کس لیے لاچار بیٹھے ہیں

متاع جان و ایماں کھو چکے ہیں ہار بیٹھے ہیں

کسی کے غم میں جان زار سے بیزار بیٹھے ہیں

اٹھا ہے درد سا پہلو میں ہم لاچار بیٹھے ہیں

خبر بھی ہے تمہیں افتادگان کوئے الفت کی

ہزاروں چاہنے والے پس دیوار بیٹھے ہیں

مسیحا صفح ہستی پہ جنوں کو داغ سمجھا ہے

وہ تیرے چاہنے والے ترے بیمار بیٹھے ہیں

نگاہ مست سے اپنی کہو تیار ہو جائے

کہ دیوانے تمہارے آج پھر ہشیار بیٹھے ہیں

سزا کیا بارگاہ ناز سے ملتی ہے دیکھیں گے

گنہ گاران الفت دیر سے تیار بیٹھے ہیں

نگاہ لطف ساقی دیکھیے اٹھتی ہے کس کس پر

در مے خانہ پر اب سینکڑوں مے خوار بیٹھے ہیں

ہوا نامیؔ جو دل رخصت تو امید وفا کس سے

زمانے میں بھلا ایسے کہیں غم خوار بیٹھے ہیں

مزید غزلیں از منظور حسن نامی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں