منظور عارف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تھی کبھی اب مگر وہ چاہ نہیں (غزل)
تھی کبھی اب مگر وہ چاہ نہیں
ان سے پہلی سی رسم و راہ نہیں
اپنی فریاد بھی ہے جرم کی بات
ان کی بیداد بھی گناہ نہیں
کچھ نہ کچھ حسن بھی تو ہے مجرم
سب کا سب آنکھ کا گناہ نہیں
جانے کس مصلحت کے پیش نظر
ظلم اب ان کے بے پناہ نہیں
دیکھ عارفؔ یہ اوج عشق بھی دیکھ
اک ترانہ ہے لب پہ آہ نہیں
بولتی آنکھیں دیکھیں جاگتے لب دیکھیں (غزل)
بولتی آنکھیں دیکھیں جاگتے لب دیکھیں
جو صورت ہم نے دیکھی ہے سب دیکھیں
جانے فضا میں کب چلتی ہے موج ہوا
بادل ہٹ کر چاند دکھائے کب دیکھیں
آنکھیں بند کریں تو کیا کیا جلوے ہیں
ہر سو گھور اندھیرے لپکیں جب دیکھیں
چندا چمکے کلیاں چٹکیں پھول کھلیں
جس دن اس کو دیکھیں خواب عجب دیکھیں
جسم اک راہ گزر ہے دل مٹی کا دیا
گل ہوتا ہے کب یہ چراغ شب دیکھیں
شاید نور سحر پھیلا ہو اب ہر سو
عارفؔ دل پر پتھر رکھ کر اب دیکھیں
گیان دھیان کے پیڑ کے نیچے (نظم)
گیان دھیان کے پیڑ کے نیچے
گوتم کی سی
آلتی پالتی مارے بیٹھا سوچ رہا ہوں
جگ کیا شے ہے
دکھ کیا ہے
جگ جیون کیا ہے
گوتم انیائے کا بیری
گوتم جو بھگوان بنا
گوتم جو بھوکا پیاسا تھا
جس کا پہلا گیان یہی تھا
بھوکا پیاسا کوئی منش بھی
کسی گیان کی تھاہ نہ پائے
گوتم راج محل کا پالا
جس کے سینکڑوں چاکر بھکشو
چھپے چھپائے
ہر پل اس کو دیکھ رہے تھے
پہلی تپسیا ختم ہوئی تو
سینکڑوں چاکر بھاگ کے پہنچے
گوتم اپنے چاکر بھکشو دیکھ کے خوش تھا
تازہ پھلوں کا رس پی کر پھر گیان دھیان میں ڈوب گیا
کون سا چاکر کون سا بھکشو
پھل رس کی کچھ بوندیں دے گا
دوجی تپسیا کیسے ہوگی