پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

منوج اظہر کی غزلیں — Manoj Azhar Ghazals

منوج اظہر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یوں چار دن کی بہاروں کے قرض اتارے گئے (غزل)

یوں چار دن کی بہاروں کے قرض اتارے گئے

تمہارے بعد کے موسم فقط گزارے گئے

ذرا سی دور تو سیلاب کے سہارے گئے

بھنور میں الجھے تو پھر ہاتھ پانو مارے گئے

صدا کا دیر تلک گونجنا بہت بھایا

پھر ایک نام بیاباں میں ہم پکارے گئے

چھپا چھپا کے جو راتوں نے خواب رکھے تھے

وہ سارے دن کے اجالوں کے ہاتھ مارے گئے

کچھ ایک چہرے مری چشم تر میں تیرتے ہیں

کچھ اک سفینے ابھی تک نہ پار اتارے گئے

رات سائے سے بھی جھگڑا کر لیا (غزل)

رات سائے سے بھی جھگڑا کر لیا

خود کو بالکل ہی اکیلا کر لیا

بھولنے کی ضد میں یہ کیا کر لیا

رنگ ہی یادوں کا پکا کر لیا

وہ بھی ہم سے اجنبی بن کر ملا

ہم نے بھی لہجے کو سادہ کر لیا

ہاتھ ملتے رہ گئے سارے بھنور

اور کشتی نے کنارا کر لیا

رات بے سدھ ہو کے سوئے گی یہاں

اس لئے سورج نے پردہ کر لیا

کبھی تصویر سے باہر نکل کر بول بھی اٹھو (نظم)

کبھی تصویر سے باہر نکل کر بول بھی اٹھو

ہمیشہ ایک سا چہرہ لئے کیوں تکتے رہتے ہو

ذرا ہونٹوں کو جنبش اور لفظوں کو رہائی دو

اکیلا پڑ گیا ہوں میں ذرا میری صفائی دو

ماں اکثر میری کھانسی پر تمہارا دھوکا کھاتی ہے

یہ بڑ کی میری اک عادت تمہاری سی بتاتی ہے

تمہاری یاد آتی ہے

کبھی پوچھو کہ اتنی رات کو کیوں گھر میں آتا ہوں

کبھی ڈانٹو کہ میں اس طرح کیوں پیسے اڑاتا ہوں

جنہیں تم ٹوکتے تھے میں وہ سارے کام کرتا ہوں

تمہارا نام کرنے سے رہا بدنام کرتا ہوں

میں اک ہوٹل میں سگریٹ پی رہا ہوں تم دکھائی دو

میں روٹھا ہوں میرا کاندھا چھوؤ

پھر مسکراؤ اور کھانے پر بلا لو

مجھے ڈر لگ رہا ہے آج

مجھ کو اپنے بستر پر سلا لو

میں اس میلے میں چل کر تھک گیا ہوں

اپنے کاندھے پر بٹھا لو

قدم پھر لڑکھڑاتے ہیں

مجھے انگلی دو گرتا ہوں سنبھالو

مجھے سر درد ہے سر چھو کے

اپنے لمس کی عمدہ دوائی دو

میں پھر سے پاس ہو کر آ گیا ہوں تھپتھپاؤ

تو آخر میرا بیٹا ہے کہو ماں کو چڑھاؤ

مجھے پھر سے اسی حلوائی کی لا کر مٹھائی دو

سنو اب لوگ اکثر پوچھتے ہیں

کس کے بیٹے ہو

تمہارا نام لیتا ہوں

تو وہ مرحومؔ کہتے ہیں

مگر نادان ہیں وہ

باپ بھی مرحوم ہوتا ہے

مزید غزلیں از منوج اظہر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں