پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

منموہن تلخ کی غزلیں — Manmohan Talkh Ghazals

منموہن تلخ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کسی کے ساتھ نہ ہونے کے دکھ بھی جھیلے ہیں (غزل)

کسی کے ساتھ نہ ہونے کے دکھ بھی جھیلے ہیں

کسی کے ساتھ مگر اور بھی اکیلے ہیں

اب اس کے بعد نہ جانے نصیب میں کیا ہے

نہ ساتھ آؤ ہمارے بہت جھمیلے ہیں

کہاں ہے یاد ملا کوئی کب تو کب بچھڑا

ہم اپنے دھیان سے اترے ہوئے سے میلے ہیں

کہو نہ مجھ سے کہ چلتے ہیں اب ملیں گے پھر

یہ کھیل وہ ہیں کہ صدیوں سے لوگ کھیلے ہیں

جو گھر میں جاؤں تو آواز تک نہیں کوئی

گلی میں آؤں تو ہر سو صدا کے ریلے ہیں

جو لوگ بھول بھلیاں ہیں تلخؔ اب اپنی

نہیں وہ صرف اکیلے بہت اکیلے ہیں

ثابت یہ میں کروں گا کہ ہوں یا نہیں ہوں میں (غزل)

ثابت یہ میں کروں گا کہ ہوں یا نہیں ہوں میں

وہم و یقیں کا کوئی دوراہا نہیں ہوں میں

سستا رہا ہوں راہ گزر سے ذرا پرے

کیا مجھ کو تک رہے ہو تماشہ نہیں ہوں میں

پہلا قدم کہیں مرے انکار کا نہ ہو

ہونا تھا جس جگہ مجھے اس جا نہیں ہوں میں

بیساکھیوں پہ چلتے بنو منہ نہ تم لگو

کہتا ہوں پھر کہ آدمی اچھا نہیں ہوں میں

ہوں اپنے دائیں بائیں بھی میں ہی یہ سوچ لو

تم ہو تو میری تاک میں تنہا نہیں ہوں میں

سمجھے نہ کوئی سرسری سا تذکرہ مجھے

بھر پور ماجرا ہوں حوالہ نہیں ہوں میں

حیرت کدہ ہوں وہ کہ جسے لا مکاں کہیں

تم کیا سمجھ رہے ہو مجھے کیا نہیں ہوں میں

یہ مجھ کو سوچنا ہے کہ اگلا قدم ہو کیا

یوں بھی کسی کی بات میں آیا نہیں ہوں میں

کہتا ہے تلخؔ گھر سے نکلنا کروں گا بند

کوئی بچا ہے جس سے کہ الجھا نہیں ہوں میں

میں ہوں یا تم ہو (نظم)

میں ہوں یا تم ہو

یہ سچ ہے

اپنے اندر ایک قبیلہ ہر کوئی ہے

جس کو شاید

رات کو صحرا کے رونے کا راز پتہ ہے

ایسا رونا

دور کہیں جیسے کچھ بچے

صدیوں پہلے ہم نے جن کو قتل کیا ہو

اور وہ اپنے قتل سے پہلے

روئے چلے جاتے ہوں

یا پھر

یہ ان روحوں کا رونا ہو

جو انسانی روپ میں ظاہر ہو نہ سکی ہوں

ریت کے ٹیلوں کو چھو چھو کر

مثل ہوا

روئے جاتی ہوں

اور قبیلے کے باشندے

اپنے خیموں میں لیٹے

اپنے آپ سے باتیں کرتے

رات کو صحرا کی تنہائی کا رونا سنتے رہتے ہیں

سارنگی کی سر کی طرح سسکتا صحرا

ہم سب میں ہے

لیکن پھر بھی

میرا رونا

تیرا رونا

دکھ سے خالی خالی کیوں ہے

مزید غزلیں از منموہن تلخ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں