منگل نسیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نہیں ہم میں کوئی ان بن نہیں ہے (غزل)
نہیں ہم میں کوئی ان بن نہیں ہے
بس اتنا ہے کہ اب وہ من نہیں ہے
میں اپنے آپ کو سلجھا رہا ہوں
تمہیں لے کر کوئی الجھن نہیں ہے
مجھے تم غیر بھی کیوں کہہ رہے ہو
بھلا کیا یہ بھی اپنا پن نہیں ہے
کسی کے من کو بھی دکھلا سکے جو
کہیں ایسا کوئی درپن نہیں ہے
میں اپنے دوستوں کے صدقے لیکن
مرا قاتل کوئی دشمن نہیں ہے
اس کی پناہ لے کبھی اس کی پناہ لے (غزل)
اس کی پناہ لے کبھی اس کی پناہ لے
کر لی نہ تو نے زندگی اپنی تباہ لے
ٹھہرا دیا نہ تجھ کو ہی سب نے گناہ گار
لے اور اپنے سر پہ تو سب کے گناہ لے
لکھا ہے جو نصیب میں ملتا وہی ہے دوست
یوں چاہنے کو آدمی جو چاہے چاہ لے
خوشیاں بٹور کر جئے اس میں کمال کیا
اس میں کمال ہے کوئی غم سے نباہ لے
ہم کو نہ چھیڑنا بھلا سن اے امیر شہر
ہم اور ہی فقیر ہیں جا اپنی راہ لے
مزید غزلیں از منگل نسیم ←2 غزلیں منسلک