ممنون نظام الدین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ترے بیمار کی شاید وداع جان ہے تن سے (غزل)
ترے بیمار کی شاید وداع جان ہے تن سے
جنازے کی وگرنہ واں ہے تیاری کا کیا باعث
کہیں وقت خطاب اے یار اپنے منہ سے نکلا تھا
لگا کہنے کہ مجھ میں آپ میں یاری کا کیا باعث
مریض اپنے کو دیکھا آہ خوں آلودہ کیا کیا تھے
نہ تھا گر درد دل میں نالہ و زاری کا کیا باعث
نہیں کچھ زور سے لیتا کوئی دل دو نہ دو ممنوںؔ
یہ مجبوری کا کیا موجب یہ ناچاری کا کیا باعث
مرے سینہ میں گر آتش کدہ پنہاں نہیں ظالم
فغان و آہ سے ہر دم شررباری کا کیا باعث
تصور چشم خوباں کا مقرر تم کو رہتا ہے
وگرنہ حضرت دل اتنی بیماری کا کیا باعث
ہوا جب کام اپنا کام دل جب پوچھنے آئے
مجھے غم کھا چکا اب میری غم خواری کا کیا باعث
عجب دیوانگی ہے کوئی بھی یوں دل پھنساتا ہے
بہت دانا تھے تم ممنوںؔ گرفتاری کا کیا باعث
کوئی ہمدرد نہ ہمدم نہ یگانہ اپنا (غزل)
کوئی ہمدرد نہ ہمدم نہ یگانہ اپنا
روبرو کس کے کہیں ہم یہ فسانا اپنا
نہ کسو جیب کے ہیں پھول نہ دامن کے ہیں خار
کس لیے تھا چمن دہر میں آنا اپنا
فائدہ کیا جو ہوئے شیخ حرم راہب دیر
نہ ہوا دل میں کسی کے جو ٹھکانا اپنا
ہے ہزاروں دل پر خوں کو یہاں پیچ پہ پیچ
دیکھیو طرۂ مشکیں نہ ملانا اپنا