پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مخمور سعیدی کی غزلیں — Makhmoor Saeedi Ghazals

مخمور سعیدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مدتوں بعد ہم کسی سے ملے (غزل)

مدتوں بعد ہم کسی سے ملے

یوں لگا جیسے زندگی سے ملے

اس طرح کوئی کیوں کسی سے ملے

اجنبی جیسے اجنبی سے ملے

ساتھ رہنا مگر جدا رہنا

یہ سبق ہم کو آپ ہی سے ملے

ذکر کانٹوں کی دشمنی کا نہیں

زخم پھولوں کی دوستی سے ملے

ان کا ملنا بھی تھا نہ ملنا سا

وہ ملے بھی تو بے رخی سے ملے

دل نے مجبور کر دیا ہوگا

جس سے ملنا نہ تھا اسی سے ملے

ان اندھیروں کا کیا گلہ مخمورؔ

وہ اندھیرے جو روشنی سے ملے

لکھ کر ورق دل سے مٹانے نہیں ہوتے (غزل)

لکھ کر ورق دل سے مٹانے نہیں ہوتے

کچھ لفظ ہیں ایسے جو پرانے نہیں ہوتے

جب چاہے کوئی پھونک دے خوابوں کے نشیمن

آنکھوں کے اجڑنے کے زمانے نہیں ہوتے

جو زخم عزیزوں نے محبت سے دئیے ہوں

وہ زخم زمانے کو دکھانے نہیں ہوتے

ہو جائے جہاں شام وہیں ان کا بسیرا

آوارہ پرندوں کے ٹھکانے نہیں ہوتے

بے وجہ تعلق کوئی بے نام رفاقت

جینے کے لیے کم یہ بہانے نہیں ہوتے

کہنے کو تو اس شہر میں کچھ بھی نہیں بدلا

موسم مگر اب اتنے سہانے نہیں ہوتے

سینے میں کسک بن کے بسے رہتے ہیں برسوں

لمحے جو پلٹ کر کبھی آنے نہیں ہوتے

آشفتہ سری میں ہنر حرف و نوا کیا

لفظوں میں بیاں غم کے فسانے نہیں ہوتے

مخمورؔ یہ اب کیا ہے کہ بار غم دل سے

بوجھل مرے احساس کے شانے نہیں ہوتے

ذرا ٹھہرو کدھر ہم جا رہے ہیں (نظم)

ذرا ٹھہرو کدھر ہم جا رہے ہیں

ادھر اس چار دیواری کے پیچھے

وہ بوڑھا گورکن چلا رہا ہے

''ادھر آؤ قدم جلدی بڑھاؤ

یہاں اس چار دیواری کے اندر

جنم دن سے تمہاری منتظر ہیں

وہ قبریں جن کی پیشانی پہ اب تک

کسی کے نام کا کتبہ نہیں ہے''