پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مجاز آشنا کی غزلیں — Majaz Aashna Ghazals

مجاز آشنا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پھولوں والی کسی گلی کی طرف (غزل)

پھولوں والی کسی گلی کی طرف

ہے سفر رنگ و روشنی کی طرف

آؤ ہم دونوں پھر گلے لگ جائیں

اک قدم اور زندگی کی طرف

شہر کا شور چاہتا ہے دماغ

دل ہے جنگل کی خامشی کی طرف

آپ میں گم ہوا ہوں کچھ ایسا

دیکھتا ہی نہیں کسی کی طرف

نیند روٹھی ہے کچھ ایسی کہ منانے سے رہے (غزل)

نیند روٹھی ہے کچھ ایسی کہ منانے سے رہے

دور ہم خواب کی خوشبو کے خزانے سے رہے

اپنے پرکھوں کی روایات کو بھولے ہوئے لوگ

راستے کا کوئی پتھر بھی ہٹانے سے رہے

لاکھ چاہا پہ زمانہ کبھی اپنا نہ ہوا

اس لیے ہم بھی خفا سارے زمانے سے رہے

کیوں طبیعت میں یہ سنجیدگی آئی آخر

کیا کہا جائے کہ کیوں ہنسنے ہنسانے سے رہے

وقت نے ایسے نظر بند کیا ہے سب کو

کوئی آنے سے رہا ہم کہیں جانے سے رہے

میں نیند میں تھا اور دن آ کر گزر گیا (نظم)

میں نیند میں تھا اور دن آ کر گزر گیا

اب شام ہو گئی ہے سیہ ماتمی سی شام

پھر اس کے بعد رات ہے اک ہولناک رات

پھر صبح ہوگی اور نہایت حسین صبح

جو کچھ بھی ہوگا اچھا برا دیکھا جائے گا

لیکن یہ غم رہے گا کہ جو دن گزر گیا

وہ زندگی میں پھر کبھی واپس نہ آئے گا

مزید غزلیں از مجاز آشنا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں