میثم عباس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ جان کر تجھے کوئی خوشی نہیں ہوگی (غزل)
یہ جان کر تجھے کوئی خوشی نہیں ہوگی
کہ تیرے بعد بھی مجھ میں کمی نہیں ہوگی
یہ سارا جھگڑا ترا ہے جو تو نہیں ہوگا
یہاں کسی کی بھی پھر دشمنی نہیں ہوگی
میں ایک دن کوئی تصویر بھی بناؤں گا
یہ اور بات کہ وہ آپ کی نہیں ہوگی
میں اس لئے تری آنکھوں کو ساتھ رکھتا ہوں
میں جانتا ہوں وہاں روشنی نہیں ہوگی
یہ زندگی کسی بچھڑے کا غم مناتے ہوئے
بس ایک لمحے سے زیادہ رکی نہیں ہوگی
ہمارے جسم کی دنیا خزاں رسیدہ ہے
تمہارے چھونے سے کیا یہ ہری نہیں ہوگی
وہ جس کی آنکھ میں اب تک مشال زندہ ہے
وہ ماں تو ٹی وی بھی اب دیکھتی نہیں ہوگی
یہاں سیاست و مذہب پہ جنگ ہوگی فقط
مری زمین پہ اب شاعری نہیں ہوگی
میں چاہتا ہوں کہ جذبوں کی ترجمانی ہو (غزل)
میں چاہتا ہوں کہ جذبوں کی ترجمانی ہو
میں چاہتا ہوں کہ اظہار منہ زبانی ہو
میں چاہتا ہوں کہ ہر شے ہو دستیاب مجھے
میں چاہتا ہوں کہ دامن میں رائیگانی ہو
میں چاہتا ہوں ترے ساتھ زندگی گزرے
میں چاہتا ہوں کوئی اور بھی کہانی ہو
میں چاہتا ہوں بچھڑنے کا ڈر رہے ہم میں
میں چاہتا ہوں محبت میں بد گمانی ہو
میں چاہتا ہوں جدائی کا نام بھی نہ رہے
میں چاہتا ہوں کسی آنکھ میں نہ پانی ہو