پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مہتاب حیدر نقوی کی غزلیں — Mahtab Haider Naqvi Ghazals

مہتاب حیدر نقوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مختصر سی زندگی میں کتنی نادانی کرے (غزل)

مختصر سی زندگی میں کتنی نادانی کرے

ان نظاروں کو کوئی دیکھے کہ حیرانی کرے

دھوپ میں ان آبگینوں کو لیے پھرتا ہوں میں

کوئی سایہ میرے خوابوں کی نگہبانی کرے

ایک میں ہوں اور دستک کتنے دروازوں پہ دوں

کتنی دہلیزوں پہ سجدہ ایک پیشانی کرے

رات ایسی چاہیئے مانگے جو دن بھر کا حساب

خواب ایسا ہو جو ان آنکھوں میں ویرانی کرے

ساحلوں پر میں کھڑا ہوں تشنہ کاموں کی طرح

کوئی موج آب میری آنکھ کو پانی کرے

نئے سفر کی لذتوں سے جسم و جاں کو سر کرو (غزل)

نئے سفر کی لذتوں سے جسم و جاں کو سر کرو

سفر میں ہوں گی برکتیں سفر کرو سفر کرو

اداس رات کے گداز جسم کو ٹٹول کر

کسی کی زلف سایہ دار کی گرہ میں گھر کرو

جو آنکھ ہو تو دیکھ تو سراب ہی سراب ہے

نہ اعتبار تشنگی میں موج آب پر کرو

پرانی آستین سے پرانے بت کرو رہا

نئی زمین پر نئے خدا کو معتبر کرو

جمال یار سے کرو کبھی نظر کو پاک بھی

خیال یار سے کبھی کبھی شبیں سحر کرو

مزید غزلیں از مہتاب حیدر نقوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں