پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محشر کاظم حسین لکھنوی کی غزلیں — Mahshar Kazim Husain Lakhnavi Ghazals

محشر کاظم حسین لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مدتیں ہو گئی ہیں چپ رہتے (غزل)

مدتیں ہو گئی ہیں چپ رہتے

کوئی سنتا تو ہم بھی کچھ کہتے

جل گیا خشک ہو کے دامن دل

اشک آنکھوں سے اور کیا بہتے

بات کی اور منہ کو آیا جگر

اس سے بہتر یہی تھا چپ رہتے

ہم کو جلدی نے موت کی مارا

اور جیتے تو اور غم سہتے

سب ہی سنتے تمہاری اے محشرؔ

کوئی کہنے کی بات اگر کہتے

دیر تک اٹھ نہ سکا واں سے وہ دیوانۂ دوست (غزل)

دیر تک اٹھ نہ سکا واں سے وہ دیوانۂ دوست

چھڑ گیا جب کہ کہیں بیٹھ کے افسانۂ دوست

آج اٹھے جاتے ہیں درباں کی جفا سے لیکن

زندگی بھر کہیں چھٹتا ہے در خانۂ دوست

ہجر میں حالت دل کی ہیں وہ آنکھیں نگراں

دیکھی تھی جن سے کبھی رونق‌ کاشانۂ دوست

راہبر شوق دلی سر پہ اجل دل بیتاب

بے خبر یوں میں چلا ہوں طرف خانۂ دوست

آج کیوں حد سے سوا دل کو خوشی ہے محشرؔ

کیا بلائے ہوئے جاتے ہو سوئے خانۂ دوست