محشر عنایتی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نہ غیر ہی مجھے سمجھو نہ دوست ہی سمجھو (غزل)
نہ غیر ہی مجھے سمجھو نہ دوست ہی سمجھو
مرے لیے یہ بہت ہے کہ آدمی سمجھو
میں رہ رہا ہوں زمانے میں سائے کی صورت
جہاں بھی جاؤ مجھے اپنے ساتھ ہی سمجھو
ہر ایک بات زباں سے کہی نہیں جاتی
جو چپکے بیٹھے ہیں کچھ ان کی بات بھی سمجھو
گزر تو سکتی ہیں راتیں جلا جلا کے چراغ
مگر یہ کیا کہ اندھیرے کو روشنی سمجھو
وہ شعر کہنے لگے ہو تم اب تو اے محشرؔ
نہ کوئی اور ہی سمجھے نہ آپ ہی سمجھو
ہم سے گمراہ زمانے نے کہاں دیکھے ہیں (غزل)
ہم سے گمراہ زمانے نے کہاں دیکھے ہیں
ہم نے مٹتے ہوئے قدموں کے نشاں دیکھے ہیں
آپ نے دیکھ کے ہر اک کو نظر پھیری ہے
آپ نے صاحب احساس کہاں دیکھے ہیں
زندگی سیدھی سی اک راہ نہیں ہے اے دوست
اس میں جو موڑ ہیں وہ تو نے کہاں دیکھے ہیں
دل جہاں لرزے امیدوں کا تصور کر کے
میں نے امید کے آثار وہاں دیکھے ہیں
اٹھ گئی آنکھ اگر میری تو جم جائے گی
آپ نے دیدۂ ہر سو نگراں دیکھے ہیں