محمود زکی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ایک بے نام سی چاہت کے سوا کچھ بھی نہیں (غزل)
ایک بے نام سی چاہت کے سوا کچھ بھی نہیں
زندگی تیری محبت کے سوا کچھ بھی نہیں
حسن مغرور سہی شان خود آرائی پر
عشق کے پاس تو حیرت کے سوا کچھ بھی نہیں
رخ بدلتے ہوئے حالات سے رو گردانی
ایک ناکام بغاوت کے سوا کچھ بھی نہیں
ہر نفس ایک نئی ٹیس لیے آتا ہے
زندگی جبر مشیت کے سوا کچھ بھی نہیں
عشق کی خوئے وفا حسن کا آئین ستم
اب تو فرسودہ روایت کے سوا کچھ بھی نہیں
پھر اٹھی ہیں مری جانب وہ نگاہیں تو ذکیؔ
دل میں اب سوز محبت کے سوا کچھ بھی نہیں
تیری نظر کے اشاروں کی بات کون کرے (غزل)
تیری نظر کے اشاروں کی بات کون کرے
زمیں پہ رہ کے ستاروں کی بات کون کرے
ہمیں ہیں راس تھپیڑے ہی تند موجوں کے
اداس اداس کناروں کی بات کون کرے
بڑھے نہ ان سے کہیں اور دل کی ویرانی
خزاں کے دن ہیں بہاروں کی بات کون کرے
شعور فکر و نظر سے ہے اب جہاں روشن
فلک کے چاند ستاروں کی بات کون کرے
ابھی ہیں ان کے لبوں پر مسرتیں رقصاں
غم حیات کے ماروں کی بات کون کرے
کسے ہے فرصت نظارگی نصیب ذکیؔ
کسی کے شوخ نظاروں کی بات کون کرے
آج ہے پندرہ اگست قوم کے تہوار کا دن (نظم)
آج ہے پندرہ اگست قوم کے تہوار کا دن
آج کے دن ہی تو آزاد ہوئے تھے ہم لوگ
کیوں نہ اس دن کو مسرت کے لیے وقف رکھیں
ہاں اسی دن تو غلامی کا فسوں توڑا تھا
کیوں نہ اس دن کو روایت کے لیے وقف رکھیں
دیس میں اپنے ہیں باقی کچھ اندھیرے اب بھی
جہل و افلاس کے سائے ہیں گھنیرے اب بھی
دیس آزاد ہوئے کتنے برس بیت گئے
کتنی شاموں کو ملے ہیں نہ سویرے اب بھی
دیس کے امن نہیں امن جہاں کی خاطر
ہاں ابھی اور ابھی اور لڑیں گے ہم لوگ
آج کے دن کی مسرت کے بھی معنی ہیں یہی
تازہ دم ہو کے ابھی اور بڑھیں گے ہم لوگ