پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محمود سروش کی غزلیں — Mahmood Sarosh Ghazals

محمود سروش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نہ ہو ٹھکانہ کوئی جس کا تیرے گھر کے سوا (غزل)

نہ ہو ٹھکانہ کوئی جس کا تیرے گھر کے سوا

وہ اٹھ کے جائے کہاں تیری رہ گزر کے سوا

دل حزیں کی تمنا نگاہ کے مطلوب

خدا رکھے وہ سبھی کچھ ہیں چارہ گر کے سوا

رضائے دوست تب و تاب سینۂ دشمن

دعا کو اور بھی کچھ چاہئے اثر کے سوا

وہ سوز دل کہ جسے لوگ جان کہتے ہیں

نہیں ہے اور کوئی شے تری نظر کے سوا

پیام خندہ گل اور نشاط صبح چمن

صبا کے پاس ہے سب کچھ تری خبر کے سوا

ہے جان بلبل شیدا تو چار تنکوں میں

قفس میں کچھ بھی نہیں ایک مشت پر کے سوا

ملا ہے عظمت آدم کے نام سے جو مجھے

وہ قرض کس سے ادا ہوگا میرے سر کے سوا

انہی کو نالۂ بلبل کہیں کہ خندۂ گل

چمن میں کچھ بھی نہیں شعلۂ شرر کے سوا

سکون دل کے لئے ہم کہاں کہاں نہ گئے

سروشؔ کچھ نہ ملا زحمت سفر کے سوا

ملال چھوڑ دوں ذکر ملال بھی نہ کروں (غزل)

ملال چھوڑ دوں ذکر ملال بھی نہ کروں

یہ قید اچھی ہے میں عرض حال بھی نہ کروں

کرم کرو مرا احساس چھین لو مجھ سے

کہ میں تمہاری جفا کا خیال بھی نہ کروں

جو التجا کو سمجھتے ہو احتجاج مرا

تو کیا یہ چاہتے ہو میں سوال بھی نہ کروں