پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محمود رامپوری کی غزلیں — Mahmood Rampuri Ghazals

محمود رامپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

غم فرقت سہا نہیں جاتا (غزل)

غم فرقت سہا نہیں جاتا

روز مر کر جیا نہیں جاتا

خضر سے بھی رہ محبت میں

ساتھ میرے چلا نہیں جاتا

ہو گئی ضعف کی بھی حد دل میں

درد سے بھی اٹھا نہیں جاتا

اب یہ صورت ہے میرے رونے پر

غیر سے بھی ہنسا نہیں جاتا

قبر میں ساتھ ہے تری حسرت

ورنہ تنہا رہا نہیں جاتا

اب تو ہم سے ترے بغیر ملے

خاک میں بھی ملا نہیں جاتا

دل تو جاتا ہے شوق میں تیرے

شوق دل سے ترا نہیں جاتا

کتنا کم ظرف ہے ترا پیکاں

خون دل بھی پیا نہیں جاتا

وہ تو جاتے ہیں دل سے اے غم یار

تو بھی جاتا ہے یا نہیں جاتا

اب تو یہ حال ہے کہ ان سے بھی

حال میرا سنا نہیں جاتا

وہ امنگیں نہیں مگر محمودؔ

تاکنا جھانکنا نہیں جاتا

مجھے پہلے تم اک نظر دیکھ لینا (غزل)

مجھے پہلے تم اک نظر دیکھ لینا

جدھر چاہے جی پھر ادھر دیکھ لینا

مرے جذب دل کا اثر دیکھ لینا

وہ خود آئیں گے میرے گھر دیکھ لینا

شب وصل تم چھوڑ کر مجھ کو جاؤ

مزا اس کا وقت سحر دیکھ لینا

کسی روز یہ تیر مژگاں تمہارا

کرے گا مرے دل میں گھر دیکھ لینا

تمہیں فتنۂ حشر کہتی ہے دنیا

کوئی تم سے اٹھے گا شر دیکھ لینا

مجھے روز در پر جو دیکھا تو بولے

غضب ہے تمہارا ابھی گھر دیکھ لینا

تمہیں قدر محمودؔ کی کچھ نہ آئی

ملے گا نہ ایسا بشر دیکھ لینا

مزید غزلیں از محمود رامپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں