پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ماہر سیوہاروی کی غزلیں — Mahir Seoharwi Ghazals

ماہر سیوہاروی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حدود ضبط سے آگے بھی جا نہیں سکتا (غزل)

حدود ضبط سے آگے بھی جا نہیں سکتا

مگر جو گزری ہے مجھ پر بتا نہیں سکتا

ترے وجود کو بخشی ہے دلکشی میں نے

بچھڑ کے مجھ سے تو خود کو بھی پا نہیں سکتا

ہزاروں تیر تو ان کی کماں سے آئے ہیں

زباں پہ نام بھی جن کا میں لا نہیں سکتا

اسی کو لوگ مرا ہم سفر سمجھتے ہیں

جو دو قدم بھی مرے ساتھ آ نہیں سکتا

مرے وجود میں پیوست ہیں تری یادیں

ترا خیال مرے دل سے جا نہیں سکتا

جو زخم تم نے دیئے تھے وہی ہرے ہیں ابھی

میں اور کوئی نیا زخم کھا نہیں سکتا

میں اپنے حال پہ اس درجہ ہنس چکا ماہرؔ

ترا لطیفہ بھی مجھ کو ہنسا نہیں سکتا

مری آواز کا پتھر نشانے سے نہیں چوکا (غزل)

مری آواز کا پتھر نشانے سے نہیں چوکا

میں ظالم کو کبھی ظالم بتانے سے نہیں چوکا

خوشی کے چند لمحے جو میسر آئے تھے مجھ کو

میں ان کو بھی زمانے پر لٹانے سے نہیں چوکا

کوئی تو ہے جو اس باد مخالف میں بھی اے یارو

محبت کے چراغوں کو جلانے سے نہیں چوکا

وہ میرا ہی جنوں تھا جو قریب دار جا کر بھی

اخوت کے ترانے گنگنانے سے نہیں چوکا

ہمارا حوصلہ دیکھو اسی سے دل لگا بیٹھے

جو شیشے پر کبھی پتھر گرانے سے نہیں چوکا

خدا کا شکر ہے ماہرؔ میں ان مشکل زمینوں میں

شعور و فکر کے پودے اگانے سے نہیں چوکا

مزید غزلیں از ماہر سیوہاروی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں