پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محفوظ اثر کی غزلیں — Mahfooz Asar Ghazals

محفوظ اثر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ نقش ایسا نہیں ہے جسے مٹاؤں میں (غزل)

یہ نقش ایسا نہیں ہے جسے مٹاؤں میں

مجھے بتا کہ تجھے کیسے بھول جاؤں میں

کوئی لکیر ہی روشن نہیں ہتھیلی پر

نجومیوں کو بھلا ہاتھ کیا دکھاؤں میں

بجھا بجھا سا نظر آ رہا ہے ہر کوئی

فسانۂ غم ہستی کسے سناؤں میں

یقیں کرو کہ مری جیت پھر یقینی ہے

مگر کہو تو یہ بازی بھی ہار جاؤں میں

نظر کے سامنے منزل کے راستے ہیں بہت

یہ سوچتا ہوں قدم کس طرف بڑھاؤں میں

یہ بات سچ ہے کہ بنیاد ہوں عمارت کی

یہ اور بات کسی کو نظر نہ آؤں میں

غم زمانہ سے فرصت کہاں اثرؔ صاحب

دعا کو ہاتھ جو اپنے لئے اٹھاؤں میں

تلاش یار میں گزری ہے زندگی تنہا (غزل)

تلاش یار میں گزری ہے زندگی تنہا

بھٹک رہا ہوں اندھیروں میں آج بھی تنہا

وہاں تو سانس بھی لینا عذاب لگتا ہے

سسک رہی ہو جہاں کوئی زندگی تنہا

اکیلا میں ہی نہیں ہوں اسیر‌ ظلمت غم

بجھا بجھا ہے اندھیروں میں چاند بھی تنہا

تمام چاند ستاروں کا نور ایک طرف

اور ایک سمت ہے سورج کی روشنی تنہا

مرے خلوص میں شاید کمی ہے کچھ ورنہ

مجھی سے کرتے ہیں کیوں لوگ دشمنی تنہا

کسی کی زلف کا سایہ تلاش کر ورنہ

اثرؔ گزر نہ سکے گی یہ زندگی تنہا

مزید غزلیں از محفوظ اثر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں