پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محبوب انور کی غزلیں — Mahboob Anwar Ghazals

محبوب انور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم اپنے سر پہ تو سورج اٹھا کے چلتے ہیں (غزل)

ہم اپنے سر پہ تو سورج اٹھا کے چلتے ہیں

سنا ہے برف کے گھر میں بھی لوگ جلتے ہیں

یہ کیسی رت ہے کہ نیزوں پہ سر اچھلتے ہیں

ہمارے شہر کے بچوں کے دل دہلتے ہیں

جو ریڈیم کے اجالے رخوں پہ ملتے ہیں

وہ اپنی ذات سے باہر نہیں نکلتے ہیں

وہ ہم کہ خار بھی ہم سے جدا نہیں ہوتے

وہ کیسے لوگ ہیں پھولوں کو بھی مسلتے ہیں

جو مجھ پہ گزرے ہیں بیتے ہیں جن کو جھیلا ہے

وہ حادثے مرے جام غزل میں ڈھلتے ہیں

فلک سے آگ برستی تو کوئی بات نہ تھی

زمین والے زمیں پر ہی زہر اگلتے ہیں

وہ فصل گل نہ سہی یہ خزاں سہی انورؔ

کبھی تو کاغذی پھولوں کے دن بدلتے ہیں

ہوائے تند کے جھونکے کو آزماؤں گا (غزل)

ہوائے تند کے جھونکے کو آزماؤں گا

میں اک دیے سے ہزاروں دیے جلاؤں گا

میں شہر شہر صدا پر صدا اٹھاؤں گا

گلیم پوش غزل ہوں غزل سناؤں گا

یہ قسط قسط تبسم سلگتے ہونٹوں پر

سجا کے اب کے بھی میں قتل گاہ جاؤں گا

اسیر گنبد تنہائی اتنا یاد رکھو

میں بازگشت نہیں ہوں کہ لوٹ آؤں گا

میں دھوپ دھوپ چلوں گا یہ دوسروں کے لئے

سڑک کے دونوں طرف پیڑ ہی لگاؤں گا

بہت حقیر ہوں لیکن اندھیری راتوں میں

میں جگنوؤں کی طرح روز جگمگاؤں گا

یہ کرب کرب کہانی یہ دار دار سفر

میں اب کے لوٹ کے آؤں تو پھر سناؤں گا

مجھے خبر ہے کہ ہیں سانپ ان سوراخوں میں

مگر دوبارہ میں ان سے ڈسا نہ جاؤں گا

میں لمحہ لمحہ سزائیں تو کاٹ لوں گا مگر

حصار ارض سخن سے نکل نہ پاؤں گا

مزید غزلیں از محبوب انور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں