پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مدھو مدھومن کی غزلیں — Madhu Madhuman Ghazals

مدھو مدھومن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پہاڑوں سے راہ سفر پر اکیلے (غزل)

پہاڑوں سے راہ سفر پر اکیلے

نکلتے ہیں دریا سراسر اکیلے

گزرتی ہے کیا کیا اذیت کسی پر

کوئی چل کے دیکھے گھڑی بھر اکیلے

ہو کتنا بھی مشکل سفر پر یہ دریا

تو چلتا ہی رہتا ہے ہنس کر اکیلے

ملے ان سے آکر نہ دریا اگر تو

بھریں گے کبھی کیا سمندر اکیلے

جو کرتے ہیں چنتا سبھی کی خوشی کی

وہ رہتے ہیں دنیا میں اکثر اکیلے

یہ دنیا بھلا راس آئی کب ان کو

صدا سے رہے ہیں پیمبر اکیلے

سکھاتا ہے سورج یہ ہم کو کہ کیسے

کرے کوئی جگ کو منور اکیلے

نہ سنگی نہ ساتھی نہ روپیہ نہ پیسہ

گیا اس جہاں سے سکندر اکیلے

انہیں یاد رکھتی ہے دنیا یہ مدھومنؔ

جو لیتے ہیں دنیا سے ٹکر اکیلے

کسی کی خامیوں کا تذکرہ نہیں کرتے (غزل)

کسی کی خامیوں کا تذکرہ نہیں کرتے

یوں اپنے آپ کو چھوٹا کیا نہیں کرتے

سفر میں کتنے ہی لوگوں سے ہم یوں ملتے ہیں

سبھی سے ہی تو مگر دل ملا نہیں کرتے

ہمیں بھی درد تو ہوتا ہے بے رخی سے تری

یہ اور بات ہے کہ ہم گلہ نہیں کرتے

اسی میں بہتری ہے سادھ لیجئے چپی

ندی میں رہ کے مگر سے لڑا نہیں کرتے

کبھی تو مان لیا کیجئے ہمارا بھی

ہر ایک بات پہ اتنا اڑا نہیں کرتے

ضرور کوئی تو ہوتی ہے خاصیت ان میں

یوں ہی تو لوگ دلوں میں بسا نہیں کرتے

یہ مشکلیں بھی ضروری ہیں راہ میں مدھومنؔ

بغیر دھوپ کے تو گل کھلا نہیں کرتے

مزید غزلیں از مدھو مدھومن ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں