لطیف احمد سبحانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
لگ گئے برسوں جوابات بتانے کے لئے (غزل)
لگ گئے برسوں جوابات بتانے کے لئے
ان خرافات کو گھر گھر سے ہٹانے کے لئے
کس قدر زہر پیا ضبط کیا ہے میں نے
جو لگی آگ ہے سینے میں چھپانے کے لئے
ایسے بھی لوگ بہت سارے ملیں گے تم کو
ہر غلط کام کیا نام کمانے کے لئے
خون دل خون جگر جان تلک نذر کیے
کیا نہیں دے کے گئے لوگ زمانے کے لئے
داؤ پر لوگ لگا دیتے ہیں ہر شے اپنی
اپنے دشمن کو فقط نیچا دکھانے کے لئے
کون جاتا ہے کسی تپتے ہوئے صحرا میں
اپنی تنہائی کا اک جشن منانے کے لئے
کوششیں جاری ہیں اس دور کی ہر دن اے لطیفؔ
جتنے جنگل ہیں انہیں شہر بنانے کے لئے
جو بجھ گئے انہیں کو چراغوں کا نام دو (غزل)
جو بجھ گئے انہیں کو چراغوں کا نام دو
بے چہرگی کو اپنی گلابوں کا نام دو
جو ہے حقیقی اس کو تو اب بھول جاؤ تم
بے جان پتھروں کو خداؤں کا نام دو
ہمدردیاں خلوص و محبت کہ دوستی
اس دور میں انہیں بھی گناہوں کا نام دو
ہے وقت کا تقاضا بری حرکتوں کو تم
جدت کہو حسین اداؤں کا نام دو
دہشت گری جہاں یہ پنپتی ہے رات دن
سنتوں کا منہ کہو کہ گپھاؤں کا نام دو
اس میں گھٹن ہے زہر ہے گرد و غبار ہے
پھر بھی اسے شگفتہ فضاؤں کا نام دو
ڈوبے تھے پھر بھی صاف نکل آئے اے لطیفؔ
اس کو ادا کہو کہ دعاؤں کا نام دو