پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

للن چودھری کی غزلیں — Lalan Chaudhary Ghazals

للن چودھری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نصیب اپنا ذرا آزما کے دیکھیں گے (غزل)

نصیب اپنا ذرا آزما کے دیکھیں گے

چراغ شوق ہوا میں جلا کے دیکھیں گے

مچل مچل کے کہاں تک یہ برق گرتی ہے

چمن میں پھر سے نشیمن بنا کے دیکھیں گے

فلک کو ضد ہے کہ ہم کو رلا کے دیکھے گا

ہمیں یہ ضد ہے اسے مسکرا کے دیکھیں گے

جھکائے بیٹھے ہیں اب ان کے در پہ سر اپنا

کبھی تو وہ ہمیں آنکھیں اٹھا کے دیکھیں گے

ملے سکوں دل مضطر کو وہ جگہ ہے کہاں

جہان غم سے بھی ہم دور جا کے دیکھیں گے

وہ بچ کے جائیں گے کب تک نظر سے اے آفتؔ

ہم اپنے دل میں اب ان کو بسا کے دیکھیں گے

اس بت سے مل کر اس دل ناداں کو کیا ہوا (غزل)

اس بت سے مل کر اس دل ناداں کو کیا ہوا

کیوں آہ و زاری ہے لب خنداں کو کیا ہوا

دیوانے اپنا چاک گریباں تو سی چکے

اب تک نہ آئی فصل بہاراں کو کیا ہوا

دونوں جہاں ہیں منتظر روز حشر پھر

اس شوخ چشم فتنۂ دوراں کو کیا ہوا

پھولوں میں کوئی بو ہے نہ کلیوں میں تازگی

اے عندلیب رنگ گلستاں کو کیا ہوا

دل میں وہی خلش ہے وہی اضطراب ہے

چارہ گروں کے دعوۂ درماں کو کیا ہوا

دل پوچھتا ہے آج بھی وہ رشک نو بہار

آیا نہ اس کے وعدہ و پیماں کو کیا ہوا

کرتے ہو آج کفر کی باتیں جگہ جگہ

آفتؔ تمہارے دین کو ایماں کو کیا ہوا

مزید غزلیں از للن چودھری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں