پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

لالہ مادھو رام جوہر کی غزلیں — Lala Madhav Ram Jauhar Ghazals

لالہ مادھو رام جوہر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

رات دن چین ہم اے رشک قمر رکھتے ہیں (غزل)

رات دن چین ہم اے رشک قمر رکھتے ہیں

شام اودھ کی تو بنارس کی سحر رکھتے ہیں

بھانپ ہی لیں گے اشارہ سر محفل جو کیا

تاڑنے والے قیامت کی نظر رکھتے ہیں

ڈھونڈھ لیتا میں اگر اور کسی جا ہوتے

کیا کہوں آپ دل غیر میں گھر رکھتے ہیں

اشک قابو میں نہیں راز چھپاؤں کیوں کر

دشمنی مجھ سے مرے دیدۂ تر رکھتے ہیں

کیسے بے رحم ہیں صیاد الٰہی توبہ

موسم گل میں مجھے کاٹ کے پر رکھتے ہیں

کون ہیں ہم سے سوا ناز اٹھانے والے

سامنے آئیں جو دل اور جگر رکھتے ہیں

دل تو کیا چیز ہے پتھر ہو تو پانی ہو جائے

میرے نالے ابھی اتنا تو اثر رکھتے ہیں

چار دن کے لیے دنیا میں لڑائی کیسی

وہ بھی کیا لوگ ہیں آپس میں شرر رکھتے ہیں

حال دل یار کو محفل میں سناؤں کیوں کر

مدعی کان ادھر اور ادھر رکھتے ہیں

جلوۂ یار کسی کو نظر آتا کب ہے

دیکھتے ہیں وہی اس کو جو نظر رکھتے ہیں

عاشقوں پر ہے دکھانے کو عتاب اے جوہرؔ

دل میں محبوب عنایت کی نظر رکھتے ہیں

کیا یاد کر کے روؤں کہ کیسا شباب تھا (غزل)

کیا یاد کر کے روؤں کہ کیسا شباب تھا

کچھ بھی نہ تھا ہوا تھی کہانی تھی خواب تھا

اب عطر بھی ملو تو تکلف کی بو کہاں

وہ دن ہوا ہوئے جو پسینہ گلاب تھا

محمل نشیں جب آپ تھے لیلیٰ کے بھیس میں

مجنوں کے بھیس میں کوئی خانہ خراب تھا

تیرا قصوروار خدا کا گناہ گار

جو کچھ کہ تھا یہی دل خانہ خراب تھا

ذرہ سمجھ کے یوں نہ ملا مجھ کو خاک میں

اے آسمان میں بھی کبھی آفتاب تھا

مزید غزلیں از لالہ مادھو رام جوہر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں