کرشن کمار طورؔ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ایک دیا دہلیز پہ رکھا بھول گیا (غزل)
ایک دیا دہلیز پہ رکھا بھول گیا
گھر کو لوٹ کے آنے والا بھول گیا
یہ کیسی بے آب زمیں کا سامنا تھا
خود کو قطرہ قطرے کو دریا بھول گیا
میں تو تھا موجود کتاب کے لفظوں میں
وہ ہی شاید مجھ کو پڑھنا بھول گیا
کس کے جسم کی بارش نے سیراب کیا
کیوں اڑنا موسم کا پرندہ بھول گیا
آخر یہ ہونا تھا آخر یہی ہوا
دنیا مجھ کو اور میں دنیا بھول گیا
میں بھی ہوں منسوب کسی کے قتل سے اب
سورج میری چھت پہ چمکنا بھول گیا
وفا کا کھوٹا سکہ کب تک چلتا طورؔ
اچھا ہوا جو اپنا پرایا بھول گیا
بلاوا کون سا کوہ ندا میں رکھا ہے (غزل)
بلاوا کون سا کوہ ندا میں رکھا ہے
چراغ ہم نے جو اپنا ہوا میں رکھا ہے
وہ چاہے بخش دے ذلت کہ سرفراز کرے
بس اک یقیں ہے جو ہم نے خدا میں رکھا ہے
عدم وجود میں بھرتی ہے اک رگ موجود
اب اور اس کے سوا کیا دعا میں رکھا ہے
نہ خود شناسی اگر ہو تو کیا نشاط عشق
رقم نہ ہو تو کیا حرف نوا میں رکھا ہے
سفر نہ ہو تو یہ لطف سفر ہے بے معنی
بدن نہ ہو تو بھلا کیا قبا میں رکھا ہے
جو دیکھو غور سے کچھ کم نہیں ہے یہ بھی طورؔ
اک اضطرار سکون ہوا میں رکھا ہے