پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کرن کاشمیری کی غزلیں — Kiran Kashmeeri Ghazals

کرن کاشمیری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آواز دے رہا ہوں خود اپنی قضا کو میں (غزل)

آواز دے رہا ہوں خود اپنی قضا کو میں

کس طور دیکھتا ہوں تری چشم وا کو میں

اللہ رے حسن ذوق تماشا کہ ان دنوں

ہر وقت دیکھتا ہوں ترے نقش پا کو میں

اس کشمکش میں ختم ہوئی راہ زندگی

تیرے کرم کو یاد کروں یا جفا کو میں

حاوی ہے کائنات کی وسعت پر عزم دل

اب جستجو ہے پاؤں نئے اک سما کو میں

کس کو خبر کرنؔ ہے کہاں منزل حیات

مشکل سمجھ رہا ہوں ابھی ابتدا کو میں

یوں ہی باتوں میں تیری داستاں تک بات جا پہنچی (غزل)

یوں ہی باتوں میں تیری داستاں تک بات جا پہنچی

کہاں سے بات نکلی تھی کہاں تک بات جا پہنچی

رفو کر کے ابھی بیٹھے تھے ہم چاک گریباں کو

تمہاری بے رخی سے پھر وہاں تک بات جا پہنچی

قفس کی تیلیوں سے دوستی ہونے کو تھی لیکن

ترے آتے ہی پھر سے آشیاں تک بات جا پہنچی

تھا طرفہ شور اہل کارواں میں اپنے لٹنے کا

مگر نکلی تو میرے کارواں تک بات جا پہنچی

عنادل باغ کے بے چین تھے جشن بہاراں کو

کھلائے گل وہ گل چیں نے خزاں تک بات جا پہنچی

ڈالی ڈالی ہے یاس کا موسم (نظم)

ڈالی ڈالی ہے یاس کا موسم

اہل اردو کی چشم پر نم ہے

نبض گیتی رواں ہے رک رک کر

کتنا خموش سارا عالم ہے

کرشن بیدی اثر کرن ٹھاکر

بے تحاشہ ہی رو دئے ہیں آج

جیسے ہر اک نے اپنے سرمائے

بحر غم میں ڈبو دئے ہیں آج

سینۂ ارض میں شگاف ہوا

لو چراغوں کی کیوں بھٹکتی ہے

سوئے مدفن پہ کون آتا ہے

چشم حیراں سے قبر تکتی ہے

ہار ٹوٹا عروس ہستی کا

نوشۂ زندگی کہاں ہے آج

وہ کہ بام ادب کی زینت تھا

وہ درخشاں قمر کہاں ہے آج

ایک جراح تھا کہ جو نہ رہا

وہ کہ نشتر ہی تھا قلم جس کا

ساز اردو کا کون چھیڑے گا

جس کا منٹو ہی ایک مطرب تھا

مزید غزلیں از کرن کاشمیری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں