خواجہ امین الدین امین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بدلے نہ گئے ہم سے تو حالات ابھی تک (غزل)
بدلے نہ گئے ہم سے تو حالات ابھی تک
کرتے ہی رہے لوگ سوالات ابھی تک
اک ہم کہ کہیں آشیاں تعمیر نہ کر پائے
وہ محو بہ تعمیر محلات ابھی تک
اک بار ہی دنیا سے ذرا دل جو لگایا
دامن سے ہیں لپٹی ہوئی آفات ابھی تک
کرتی رہیں انسان کو انسان سے بد ظن
تہذیب نو یہ تیری خرافات ابھی تک
ملتا ہی نہیں کوئی ہمیں پوچھنے والا
سینے میں دبا رکھے ہیں جذبات ابھی تک
دل ٹوٹ سا جاتا ہے تڑپ جاتا ہوں اس دم
یاد آتے ہیں رہ رہ کے وہ لمحات ابھی تک
اک ہم ہی امیںؔ وقت کا پیغام نہ سمجھے
ممکن ہے بدل جاتے یہ حالات ابھی تک
جانے کیا بات ہے کیوں شور مچا رکھا ہے (غزل)
جانے کیا بات ہے کیوں شور مچا رکھا ہے
بات بے بات کا افسانہ بنا رکھا ہے
کچھ نہ کچھ ہے تو سہی آج ترے کوچے میں
جو یہ ہنگامے پہ ہنگامہ مچا رکھا ہے
جن کو پینے کا سلیقہ ہی نہیں آتا ہے
کیوں انہیں آپ نے مدہوش بنا رکھا ہے
ورنہ طوفاں نیا آنے کا سبب ہو جاتے
ہم نے جذبات کو سینے میں دبا رکھا ہے
کچھ کہو گے تو کوئی حل بھی نکل آئے گا
راز وہ کیا ہے کہ جو دل میں چھپا رکھا ہے
کوئی الزام برائی کا لگا دے نہ امین
اپنے کردار کے دامن کو بچا رکھا ہے