پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خورشید عنبر پرتاپ گڑھی کی غزلیں — Khursheed Ambar Pratapgadhi Ghazals

خورشید عنبر پرتاپ گڑھی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سچ بولنے والے کی جاں خطرے میں ہے (غزل)

سچ بولنے والے کی جاں خطرے میں ہے

قاتل نہیں منصف یہاں خطرے میں ہے

ہر ذرہ جس کے دم سے ہے مہکا ہوا

وہ خوشبوؤں کا کارواں خطرے میں ہے

جا کوئی مٹی کا دیا گھر میں جلا

تیری خیالی کہکشاں خطرے میں ہے

ہونا تو تھا گہوارۂ امن و اماں

تیرے سبب لیکن جہاں خطرے میں ہے

اب شعبدہ بازی نہیں چل پائے گی

مرشد تمہارا آستاں خطرے میں ہے

ہر چند اسے خطرے کا اندازہ نہیں

ہر شخص لیکن بے گماں خطرے میں ہے

اپنے لیے جائے اماں ڈھونڈے کہاں

جو دوستوں کے درمیاں خطرے میں ہے

قسمت ہی سے جینے کا سامان ملے گا (غزل)

قسمت ہی سے جینے کا سامان ملے گا

راہروو اب آگے ریگستان ملے گا

باہر نکلو سب سے رسم و راہ بڑھاؤ

جتنی چوٹ لگے گی اتنا گیان ملے گا

موت سے ایسے آنکھ مچولی کھیل رہے ہو

جیسے تم کو پھر سے جیون دان ملے گا

شک ہو کوئی تو دیکھ لو تم اک موقع دے کر

ہر انسان کے اندر ایک حیوان ملے گا

لوگوں کی دستار اچھالی ہی جائے گی

اوچھے کو جب منصب عالیشان ملے گا

امیدوں کی عینک پہنے ڈھونڈ رہا ہوں

شہر میں آخر کوئی تو انسان ملے گا

سچا شاعر اور آسودہ خاطر امبرؔ

جب دیکھو گے وہ تم کو حیران ملے گا