پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خورشید علیگ کی غزلیں — Khursheed Alig Ghazals

خورشید علیگ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

چراغ جلتے نہیں ہیں جلائے جاتے ہیں (غزل)

چراغ جلتے نہیں ہیں جلائے جاتے ہیں

یہ اشک بہتے نہیں ہیں بہائے جاتے ہیں

جب ان کی بزم میں پہنچے تو یہ ہوا معلوم

یہاں چراغ نہیں دل جلائے جاتے ہیں

خزاں کے خوف سے لطف بہار کیوں چھوڑیں

یہی تو سوچ کے گل مسکرائے جاتے ہیں

شب فراق کی بے تابیاں نہ پوچھ ہمیں

کچھ ایسے زخم ہیں جو دل کو کھائے جاتے ہیں

سماں اب آ گیا سونے کا غالباً خورشیدؔ

چراغ شام کے گھر گھر بجھائے جاتے ہیں

زندگی کو حرام مت کرنا (غزل)

زندگی کو حرام مت کرنا

شوق کو بے لگام مت کرنا

شہرتیں بھی بری بلائیں ہیں

ان کو تم اپنے نام مت کرنا

ہو نہ جائے گمان سجدوں کا

اتنا جھک کر سلام مت کرنا

لوگ تجھ کو سہل سمجھنے لگیں

خود کو اتنا بھی عام مت کرنا

جن سے رسوائیاں ہو دامن میں

بھول کر بھی وہ کام مت کرنا

زرپرستوں سے راہ و رسم ہو پر

ذہن و دل کو غلام مت کرنا

جس میں ہو ظرف کی کمی خورشیدؔ

اس کا تم احترام مت کرنا

اب رہا کون مجھے آس دلانے والا (نظم)

اب رہا کون مجھے آس دلانے والا

گھپ اندھیروں میں دیا گھر کا جلانے والا

خواب غفلت سے جو بیدار کیا کرتا تھا

سو گیا آج وہ کیوں مجھ کو جگانے والا

جب کہ منزل کی تجسس میں تھا گمراہ سفر

چل دیا چھوڑ کے کیوں راہ دکھانے والا

روٹھ جانے کا رویہ یہ مناسب تو نہ تھا

روٹھ کیوں مجھ سے گیا مجھ کو منانے والا

پھر وہ خورشیدؔ مری روح کے اندر چمکے

کیوں چلا جاتا ہے ہر ناز اٹھانے والا

مزید غزلیں از خورشید علیگ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں