خاور اعجاز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کبھی میں چپ کبھی حرف بیاں میں رہتا ہوں (غزل)
کبھی میں چپ کبھی حرف بیاں میں رہتا ہوں
میں اپنے شہر کی ہر اک زباں میں رہتا ہوں
بدل لیا ہے ذرا خواب کے علاقے کو
مکاں کو چھوڑ کے اب لا مکاں میں رہتا ہوں
میں ایک حرف تسلی ہوں نرم دل کے لیے
ہمیشہ سے نگہہ مہرباں میں رہتا ہوں
مجھے زمین پہ ہر سمت در بدر کر کے
بتا رہا ہے کہ میں آسماں میں رہتا ہوں
چلو یہ مان لیا اک مہک ہوں ماضی کی
مگر یہ ہے کہ میں عصر رواں میں رہتا ہوں
نئی کہانی مجھے کیوں گوارا کرنے لگی
پرانا حرف ہوں اور داستاں میں رہتا ہوں
سبک خیال نہیں ہوں کہ تیرے ہاتھ آؤں
بہت پرے کہیں خواب گراں میں رہتا ہوں
وہ مرے حساب میں انتہا نہیں چاہتا (غزل)
وہ مرے حساب میں انتہا نہیں چاہتا
مگر ایک میں ہوں کہ ابتدا نہیں چاہتا
مرے صحن پر کھلا آسمان رہے کہ میں
اسے دھوپ چھاؤں میں بانٹنا نہیں چاہتا
کبھی کھل سکے کسی اعتبار کے دور میں
مجھے چاہتا ہے وہ دل سے یا نہیں چاہتا
کوئی اور بھی ہو چراغ بزم حیات کا
سر طاق رکھا ہوا دیا نہیں چاہتا
یہ مرے وجود کا مسئلہ بھی عجیب ہے
جو میں چاہتا ہوں وہ دوسرا نہیں چاہتا