خاور رضوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ خود پرست ہے اور خود شناس میں بھی نہیں (غزل)
وہ خود پرست ہے اور خود شناس میں بھی نہیں
فریب خوردۂ وہم و قیاس میں بھی نہیں
فضائے شہر طلب ہے انا گزیدہ بہت
ادا شناس رہ التماس میں بھی نہیں
میں کیوں کہوں کہ زمانہ نہیں ہے راس مجھے
میں دیکھتا ہوں زمانے کو راس میں بھی نہیں
یہ واقعہ کہ تجھے کھل رہی ہے تنہائی
یہ حادثہ کہ ترے آس پاس میں بھی نہیں
ہوا کرے جو ہے خاورؔ فضا خلاف مرے
اسیر حلقۂ خوف و ہراس میں بھی نہیں
جتنا برہم وقت تھا اتنے ہی خود سر ہم بھی تھے (غزل)
جتنا برہم وقت تھا اتنے ہی خود سر ہم بھی تھے
موج طوفاں تھا اگر پل پل تو پتھر ہم بھی تھے
کاش کوئی اک اچٹتی سی نظر ہی ڈالتا
چور تھے زخموں سے لیکن ایک منظر ہم بھی تھے
گر وبال دوش تھا سر ہاتھ میں تیشہ بھی تھا
اک طرف سے تو نصیبے کے سکندر ہم بھی تھے
خود شناسی کا بھلا ہو راکھ کی چٹکی ہیں آج
ورنہ اک رخشندہ و تابندہ گوہر ہم بھی تھے
سطح بیں تھے لوگ کیا پاتے ہماری وسعتیں
جھانکتا دل میں کوئی تو اک سمندر ہم بھی تھے
چڑھتے سورج کی پرستش گو تھا دنیا کا اصول
ہم کسی کو پوجتے کیسے کہ خاورؔ ہم بھی تھے