پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خلش رفاعی کی غزلیں — Khalish Rifai Ghazals

خلش رفاعی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حسن بھی لا زوال ہے پیارے (غزل)

حسن بھی لا زوال ہے پیارے

عشق بھی بے مثال ہے پیارے

حرم و دیر میں کلیسا میں

تیرا حسن جمال ہے پیارے

تجھ کو بھولیں یہ ہو نہیں سکتا

تیرا ہر دم خیال ہے پیارے

توڑ مت دل کا آئینہ اس میں

تیرا عکس جمال ہے پیارے

آ بھی جا مجھ کو بے قرار نہ کر

زندگی کا سوال ہے پیارے

کیا خلش ہے خلشؔ محبت کی

اب تو جینا محال ہے پیارے

تم نے ہاتھوں پہ مرا نام لکھا میرے بعد (غزل)

تم نے ہاتھوں پہ مرا نام لکھا میرے بعد

میرا ہر لفظ بنا رنگ حنا میرے بعد

میرے ہونے ہی سے تھا اس پہ یقین کامل

کتنا بے فیض سا ہے میرا خدا میرے بعد

کون میخانے کی تہذیب سے واقف تھے یہاں

سب کو آ جائے گی پینے کی ادا میرے باد

میں جو محروم کرم در سے ترے لوٹا ہوں

ہاتھ اب اٹھتے نہیں بہر دعا میرے بعد

میرے ہوتے جسے کہتے ہوئے خائف تھے سبھی

زندگی نے وہی افسانہ کہا میرے بعد

سر خوشی راس نہ آئی جسے ہم راہ مرے

جام غم پی کے وہ شاداب ہوا میرے بعد

آج بھی خشک ہے کانٹوں کی زباں خاک چمن

بھیجنا پھر سے کوئی آبلہ پا میرے باد

کوئی آہٹ ہے نہ سرگوشی نہ آواز کوئی

کتنا تنہا ہے یہ صحرائے وفا میرے باد

میں ہی تھا جو تری توصیف کیا کرتا تھا

اب خلشؔ کون کرے تیری ثنا میرے بعد

کاف سے نون ملا (نظم)

کاف سے نون ملا

کن ہوا

اور پھر عالم بنا

ایک عالم میں ہزاروں عالموں کا نقش تھا

آگ اور پانی

ہوا اور خاک کا پیہم ملاپ

بن گیا نقش وجود کائنات

اور پھر

سلسلہ در سلسلہ کچھ معجزات

راز رب

رمز حیات

اور یہ

صدیوں پہ پھیلے ماہ و سال

آج بھی

تصویر حیراں بن کے

کن کو دیکھتے ہیں

مزید غزلیں از خلش رفاعی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں