خالد رحیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ شخص کون تھا مڑ مڑ کے دیکھتا تھا مجھے (غزل)
وہ شخص کون تھا مڑ مڑ کے دیکھتا تھا مجھے
اکیلا بیٹھ کے پہروں جو سوچتا تھا مجھے
میں اس کے پاس سے گزرا تو یہ ہوا محسوس
وہ دھوپ سر پہ لیے چھاؤں دے رہا تھا مجھے
الٹ رہا تھا مری زندگی کے وہ اوراق
کسی کتاب کی مانند پڑھ رہا تھا مجھے
اسی میں دیکھ رہا تھا میں اپنا عکس خیال
وہ ایک چہرہ کہ جو آئنہ لگا تھا مجھے
اب اس کی یاد لیے پھر رہا ہوں شہر بہ شہر
کبھی سکون کا لمحہ جو دے گیا تھا مجھے
وہ شخص میرے توجہ کا بن گیا تھا مدار
نہ جانے کون سا منظر دکھا رہا تھا مجھے
میں اس کے جسم کا سایہ تھا سربسر خالدؔ
جو روشنی کا سمندر سا لگ رہا تھا مجھے
ساون کا مہینہ بھی ہے بارش بھی نہیں ہے (غزل)
ساون کا مہینہ بھی ہے بارش بھی نہیں ہے
سوکھے ہوئے کھیتوں پہ نوازش بھی نہیں ہے
اب سر بہ گریباں ہے مرے شہر کا موسم
احباب بھی خاموش ہیں سازش بھی نہیں ہے
ہر موڑ پہ ملتی ہیں تحیر کی لکیریں
پہلے کی طرح طرز نگارش بھی نہیں ہے
ہر گام پہ طوفاں کا تسلسل ہے مرے ساتھ
پیروں میں ابھی تک مرے لغزش بھی نہیں ہے
میں رخت سفر باندھ کے نکلا تو ہوں گھر سے
ہر گوشۂ دل میں کوئی خواہش بھی نہیں ہے
ساکت ہے فضا وقت کی مسموم ہوا سے
تتلی کے پروں میں کوئی جنبش بھی نہیں ہے
محنت کا صلہ کیسے کرے گا وہ مقرر
خالدؔ مرے ہم راہ سفارش بھی نہیں ہے
اب میں ہر شام باغ میں جا کر (نظم)
اب میں ہر شام باغ میں جا کر
تم سے چھپ چھپ کے مل نہیں سکتی
کیوں کہ کہتے ہیں لوگ یہ مجھ سے
میں ہوں اب منزل جوانی میں
پہلے کم عمر تھی جوان نہ تھی
پہلے مجھ کو کسی کا خوف نہ تھا
اب میں ڈرتی ہوں اہل دنیا سے
اس لئے تم سے مل نہیں سکتی
تم مرا انتظار مت کرنا