خالد معین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سنو اب ہم محبت میں بہت آگے نکل آئے (غزل)
سنو اب ہم محبت میں بہت آگے نکل آئے
کہ اک رستے پہ چلتے چلتے سو رستے نکل آئے
اگرچہ کم نہ تھی، چارہ گران شہر کی پرسش
مگر! کچھ زخم نا دیدہ بہت گہرے نکل آئے
محبت کی تو کوئی حد، کوئی سرحد نہیں ہوتی
ہمارے درمیاں یہ فاصلے، کیسے نکل آئے
بہت دن تک حصار نشہ یکتائی میں رکھا
پھر اس چہرے کے اندر بھی کئی چہرے نکل آئے
پرانے زخم بھرتے ہی، نئے زخموں کے شیدائی
مزاج آئنہ اوڑھے ہوئے گھر سے نکل آئے
تضاد ذات کے باعث کھلا وہ کم سخن ایسا
ادھوری بات کے مفہوم بھی پورے نکل آئے
عجب پر لطف منظر دیکھتا رہتا ہوں بارش میں (غزل)
عجب پر لطف منظر دیکھتا رہتا ہوں بارش میں
بدن جلتا ہے اور میں بھیگتا رہتا ہوں بارش میں
صدائیں ڈوب جاتی ہیں ہوا کے شور میں اور میں
گلی کوچوں میں تنہا چیختا رہتا ہوں بارش میں
دریچے میں در آتے ہیں بہت سے مہرباں چہرے
میں ان پر شوخ جملے پھینکتا رہتا ہوں بارش میں
دیے جلتے ہیں، بجھتے ہیں، مرے اطراف میں اور میں
بس اک سائے کے پیچھے بھاگتا رہتا ہوں بارش میں
پس قوس قزح اک صورت مہتاب کی جھلمل
میں اس جھلمل کو پہروں دیکھتا رہتا ہوں بارش میں
نہ سونا میرے بس میں ہے، نہ شب بھر جاگنا خالدؔ
میں آنکھیں کھولتا اور میچتا رہتا ہوں بارش میں
تم نے پہلی دستک دی (نظم)
تم نے پہلی دستک دی
اور لوٹ گئے
ہم یہ سوچ کے دل دروازہ وا کر بیٹھے
شاید پھر تم لوٹ کے آؤ
لیکن تم تو قریہ قریہ گھومنے والی
شوخ ہوا کا جھونکا نکلے
تم کیا جانو
پہلی دستک کیا ہوتی ہے
دل دروازہ کب کھلتا ہے
دھیمی دھیمی آگ میں جلنا کیا ہوتا ہے
آپ ہی اپنی لو میں پگھلنا کیا ہوتا ہے