پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خالد ابرار کی غزلیں — Khalid Abrar Ghazals

خالد ابرار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اپنوں سے کوئی بات چھپائی نہیں جاتی (غزل)

اپنوں سے کوئی بات چھپائی نہیں جاتی

غیروں کو کبھی دل کی بتائی نہیں جاتی

لگ جاتی ہے غلطی سے کبھی آگ ولیکن

نا دیدہ و دانستہ بجھائی نہیں جاتی

تعلیم سکھاتی نہیں عالم کو سلیقہ

تہذیب تو جاہل کو سکھائی نہیں جاتی

رخ گرچہ ہواؤں کا موافق بھی ہو پھر بھی

طوفان میں قندیل جلائی نہیں جاتی

سیدھی سی ہے یہ بات میاں ایسے مسلسل

رونے سے مقدر کی برائی نہیں جاتی

اے صاحب تدبیر اشاروں سے تو ہرگز

دیوار کراہت کی گرائی نہیں جاتی

مظلوم کے بہتے ہوئے پرجوش لہو سے

تصویر محبت کی بنائی نہیں جاتی

ابرارؔ سمجھتے نہیں آسان ہے بالکل

مشکل میں پڑی جان چھڑائی نہیں جاتی

کچھ تو بولو میاں ہوا کیا ہے (غزل)

کچھ تو بولو میاں ہوا کیا ہے

اس قدر خامشی وجہ کیا ہے

پھر رہے ہو گلی گلی در در

یوں بھٹکنے سے فائدہ کیا ہے

میں جو کہتا ہوں تم سنو تو سہی

بحث و تکرار میں رکھا کیا ہے

آج ڈوبے تو پھر نہ ابھریں گے

موج ہستی کا آسرا کیا ہے

قطرۂ بے کراں ہے گرچہ صنم

پھر صنم گر بتا خدا کیا ہے

دل ہمارے کبھی ملے ہی نہیں

ہم ملیں بھی تو فائدہ کیا ہے

رفتہ رفتہ بدل گیا ابرارؔ

تم بھی بدلو میاں برا کیا ہے

مزید غزلیں از خالد ابرار ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں