خلیق الزماں نصرت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میں تیرا کوئی نہیں پھر بھی پوچھ بیٹھا ہوں (غزل)
میں تیرا کوئی نہیں پھر بھی پوچھ بیٹھا ہوں
یہ آنسوؤں کی چمک ہے کہ چشم تر میں چراغ
ہر ایک شخص کو ملتا کہاں ہے روشن ہاتھ
کہ رب جلاتا نہیں دست بے ہنر میں چراغ
تو ہم بھی رات کے جنگل میں سو گئے ہوتے
نہ بنتے پاؤں کے چھالے اگر سفر میں چراغ
میں روشنی کے تعاقب میں کچھ نہ دیکھ سکا
لگی وہ ٹھیس کہ دھندلا گئے نظر میں چراغ
جلا کے چھوڑ دیا کس نے بہتے دریا میں
نہ یہ بھی سوچا کہ آ سکتا ہے بھنور میں چراغ
تمہارا شہر مرے گاؤں سے ہے کتنا الگ
یہاں گلوں کی جگہ کھلتے ہیں شجر میں چراغ
دل و دماغ میں بھرنے لگا ہے رات کا ڈر
جلانا بھول گئے لوگ رہ گزر میں چراغ
ارباب اقتدار سے میرا سوال ہے (غزل)
ارباب اقتدار سے میرا سوال ہے
یہ دور ارتقا ہے کہ دور زوال ہے
جب جب لگے ہے آگ ہمارے ہی گھر جلیں
یہ بات اتفاق ہے یا گہری چال
کیسی منافقوں کی ہے سازش نہ پوچھئے
ٹوٹے نہ جو وہ ریشمی دھاگوں کا جال ہے
ایسے میں خواب آنکھوں میں کوئی سجائے کیا
وہ حبس ہے کہ چین سے سونا محال ہے
ہم تو عذاب تشنہ لبی سے ہیں نیم جاں
گزری ہے جانے کیا کہ سمندر نڈھال ہے
حالات و کیفیات کی تصویر کھینچنا
نصرتؔ نہیں ترا یہ سخن کا کمال ہے
بات ہماری غور سے سننا (نظم)
بات ہماری غور سے سننا
سن کر جگ سے کہہ دینا
اس دھرتی سے امبر تک
جھرنے جھیل سے ساگر تک
میدانوں کے دامن سے
اونچے پربت کے سر تک
بھوت ہے کیا جنات ہے کیا
ظالم کالی رات ہے کیا
ہم ہیں آدم کی اولاد
شیطاں کی اوقات ہے کیا
بستی بستی جنگل ہے
اور جنگل میں جنگل ہے
خطروں سے گھبرانا کیا
جیون خود اک دنگل ہے
گھر سے باہر ڈر کو کرو
سکھ سے جیو اور سکھ سے مرو
بول ہمارے ہیں اچھے نا
نظم کا مطلب سمجھے نا