خلیق برہانپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تھے جو مشہور وفاؤں میں ستم گر نکلے (غزل)
تھے جو مشہور وفاؤں میں ستم گر نکلے
جن سے خطرہ تھا محبت کے پیمبر نکلے
کوشش ضبط نہ کام آئی تو کچھ بس نہ چلا
چند قطرے مرے اشکوں کے سمندر نکلے
وقت کیوں خاک نشینوں کا اڑاتا ہے مذاق
شاید ان میں کوئی ہم اوج سکندر نکلے
اعتراف اس کا ہر اک دور میں دنیا نے کیا
کہ جو مفلس تھے وہی دل کے تونگر نکلے
ظلمت شام شب غم کا یہ عالم ہے خلیقؔ
منہ چھپائے ہوئے جیسے مہ و اختر نکلے
فطرتاً ربط ہے دل کو غم و آلام کے ساتھ (غزل)
فطرتاً ربط ہے دل کو غم و آلام کے ساتھ
کھیلتے رہتے ہیں ہم گردش ایام کے ساتھ
روز صیاد کا خطرہ ہے نئے دام کے ساتھ
کیا نشیمن میں رہے گا کوئی آرام کے ساتھ
ہم اگر خاک بسر ہیں تو کوئی بات نہیں
رقص کرتی رہے دنیا سحر و شام کے ساتھ
اے پرستار نئی صبح کے اتنا تو بتا
کیوں سیہ پوش اجالے ہیں در و بام کے ساتھ
آرزوؤں کی جواں موت کا ماتم ہے فضول
یہ جنازے کبھی اٹھتے نہیں کہرام کے ساتھ
تھا عجب ہوش ربا کیف مئے آزادی
زہر بھی پی گئے ہم بادۂ گلفام کے ساتھ
دوستی ہم نہیں رکھتے یہ بجا ہے لیکن
دشمنی بھی تو نہیں بندۂ اصنام کے ساتھ
یہ ملا اپنی وفاؤں کا ہمیں تلخ جواب
کہ ستم اور بھی ڈھائے گئے الزام کے ساتھ
کچھ بھی کہتے رہیں اہل حرم و دیر مجھے
آپ کا نام تو شامل ہے مرے نام کے ساتھ