خلیق احمد خلیق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دیکھیں نہ گر نوشتۂ دیوار کیا کریں (غزل)
دیکھیں نہ گر نوشتۂ دیوار کیا کریں
تم ہی کہو کہ دیدۂ خونبار کیا کریں
ڈھونڈا بہت پہ مل نہ سکی دل کی روشنی
اے روشنیٔ کوچہ و بازار کیا کریں
اب تو کسی مقام پہ رکتی نہیں نگاہ
ہاں اے گداز تابش رخسار کیا کریں
آبادیوں میں چین نہ ویرانیاں پسند
اے دل کشیٔ کوچۂ دلدار کیا کریں
دست ہوس میں دامن گل چاک چاک ہے
اب تو بتا کہ تیرے گرفتار کیا کریں
نے خندہ ہائے گل ہیں نہ بلبل کا کاروبار
وا بھی اگر ہوں نرگس بیمار کیا کریں
ان کو تو ہے صبا کا تموج بھی ناگوار
اب طرہ ہائے زلف طرح دار کیا کریں
باری ہماری آئی تو ساغر لنڈھا دیا
ان مغبچوں سے بولئے تکرار کیا کریں
دل میں تو ہے خلیقؔ کڑی دھوپ کا سماں
ہو بھی کہیں تو سایۂ دیوار کیا کریں
یا صورت ایام کسی طور دگر ہو (غزل)
یا صورت ایام کسی طور دگر ہو
یا کار گہہ دیدہ و دل زیر و زبر ہو
صدیوں کے صنم دینے لگے دل میں صدائیں
رہنے کو مرے اب کوئی سنسان سا گھر ہو
کیوں آنکھ کے رستے ہی کوئی دل میں سمائے
کیوں دل کے صنم خانے کا بس ایک ہی در ہو
ایسا بھی کوئی شہر بتاں کیوں نہ ہو جس کا
کوچہ ہی کوئی ہو نہ کوئی راہگزر ہو
گردش میں کبھی گردش ایام بھی آئے
رنگت ہو یہ راتوں کی نہ یہ رنگ سحر ہو
مر جائیں ذرا دیر میں ہم پھوڑ کے آنکھیں
نظارہ گر اس بزم کا پابند نظر ہو
ہستی ہی خلیقؔ اپنی عبارت ہے جنوں سے
سودا نہ ہو سر میں تو گھڑی بھر نہ بسر ہو