پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خلیل الہدی شارق نیازی کی غزلیں — Khaleel Ul Huda Shariq Niyazi Ghazals

خلیل الہدی شارق نیازی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم نے بتوں کو رام کیا تم نے کیا کیا (غزل)

ہم نے بتوں کو رام کیا تم نے کیا کیا

ہم نے خیال خام کیا تم نے کیا کیا

ہم نے تو پائے نازک جاناں پہ جان دی

سجدہ کیا قیام کیا تم نے کیا کیا

دیوانگی میں ہوش کی باتیں کیا کئے

ہم نے یہ اہتمام کیا تم نے کیا کیا

گہرے ہیں گھاؤ دل کے پہ تم سے گلہ نہیں

یہ تو زباں نے کام کیا تم نے کیا کیا

کس سادگی سے کہتے ہیں مر جائیں اہل دل

ہم نے تو قتل عام کیا تم نے کیا کیا

وعدے کی صبح شام ہوئی پھر بھی تم نہ آئے

ہم نے سحر کو شام کیا تم نے کیا کیا

کیوں ناتمام رہ نہ گئی دل کی داستاں

قصہ کہاں تمام کیا تم نے کیا کیا

شارقؔ سلام اس نے لیا ہاں لیا ضرور

کس شخص کو سلام کیا تم نے کیا کیا

اسیر شام و سحر انقلاب پیدا کر (غزل)

اسیر شام و سحر انقلاب پیدا کر

تو سینہ چاک سہی آفتاب پیدا کر

سکون دل کو فریب امید کیا کم ہے

جو تشنگی ہے مقدر سراب پیدا کر

کہاں وہ شوق کہاں وہ فریب کاریٔ شوق

کہیں سے پھر وہی عہد شباب پیدا کر

تڑپ تڑپ کے دل بے قرار رہ جائے

کچھ اور زلف سیہ پیچ و تاب پیدا کر

نہیں جو جلوۂ یوسف نہیں سہی شارقؔ

نظر فریب زلیخا کا خواب پیدا کر