پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خلیل تنویر کی غزلیں — Khaleel Tanveer Ghazals

خلیل تنویر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اوروں کی برائی کو نہ دیکھوں وہ نظر دے (غزل)

اوروں کی برائی کو نہ دیکھوں وہ نظر دے

ہاں اپنی برائی کو پرکھنے کا ہنر دے

وہ لوگ جو سورج کے اجالے میں چلے تھے

کس راہ میں گم ہو گئے کچھ ان کی خبر دے

اک عمر سے جلتے ہوئے صحراؤں میں گم ہوں

کچھ دیر ٹھہر جاؤں گا دامان شجر دے

اک خوف سا طاری ہے گھروں سے نہیں نکلے

ترسی ہوئی آنکھوں کو سرابوں کا سفر دے

سب اپنے چراغوں کو بجھائے ہوئے چپ ہیں

اک آگ سی سینے میں لگا دے وہ شرر دے

رسوا ہوئے ذلیل ہوئے در بدر ہوئے (غزل)

رسوا ہوئے ذلیل ہوئے در بدر ہوئے

حق بات لب پہ آئی تو ہم بے ہنر ہوئے

کل تک جہاں میں جن کو کوئی پوچھتا نہ تھا

اس شہر بے چراغ میں وہ معتبر ہوئے

بڑھنے لگی ہیں اور زمانوں کی دوریاں

یوں فاصلے تو آج بہت مختصر ہوئے

دل کے مکاں سے خوف کے سائے نہ چھٹ سکے

رستے تو دور دور تلک بے خطر ہوئے

اب کے سفر میں درد کے پہلو عجیب ہیں

جو لوگ ہم خیال نہ تھے ہم سفر ہوئے

بدلا جو رنگ وقت نے منظر بدل گئے

آہن مثال لوگ بھی زیر و زبر ہوئے

حیرانی ہے (نظم)

حیرانی ہے

وہ لوگ بھی

تبدیلی اور بغاوت کی

باتیں کرتے ہیں

جو کچھ کھونے کو تیار نہیں