خلیل فرحت کارنجوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دل سے مرے تنہائی کی شدت نہیں جاتی (غزل)
دل سے مرے تنہائی کی شدت نہیں جاتی
اب تو بھی چلا آئے تو وحشت نہیں جاتی
اس دور کی تعلیم کا معیار عجب ہے
تعلیم تو آتی ہے جہالت نہیں جاتی
کیا سوچ کے امید وفا باندھی تھی تم سے
اک عمر ہوئی دل کی ندامت نہیں جاتی
مفلس بھی تو خوددار ہوا کرتے ہیں لوگو
غربت میں بھی انساں کی شرافت نہیں جاتی
لے جاتی ہیں اب تک بھی مری نیند چرا کر
اب تک بھی ان آنکھوں کی شرارت نہیں جاتی
دے دیتا ہے اللہ مجھے حسب ضرورت
اب لے کے کسی در پہ ضرورت نہیں جاتی
سو بار تری جان پہ بن آئی ہے فرحتؔ
پھر بھی تری حق گوئی کی عادت نہیں جاتی
کوشش ترک تعلق نے رلایا ہے بہت (غزل)
کوشش ترک تعلق نے رلایا ہے بہت
بھولنا چاہا جب اس کو یاد آیا ہے بہت
ہے عمل کے بعد ہی دست دعا کا مرحلہ
ہم نے اے واعظ خدا کو آزمایا ہے بہت
اک تبسم کے لئے سو بار آنکھیں نم ہوئیں
زندگی اے زندگی تو نے رلایا ہے بہت
دوستوں نے جب ہمیں لوٹا وفا کے نام پر
دشمنوں کی دشمنی پر پیار آیا ہے بہت
سر اٹھا کر چلچلاتی دھوپ میں کیجے سفر
سر جھکا لیں تو گھنے پیڑوں کا سایا ہے بہت
ڈھونڈنے جائیں سکون دل کہاں فرحتؔ کہ اب
وحشتوں کا ہر گلی کوچے میں سایا ہے بہت