پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قیوم خان جلال کی غزلیں — Kayyum Khan Jalaal Ghazals

قیوم خان جلال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہونٹ بنے وہ رب نے حد کر ڈالی ہے (غزل)

ہونٹ بنے وہ رب نے حد کر ڈالی ہے

اس پہ بھی دو دو تل کی رکھوالی ہے

جو چکھ لے وہ مے کا عادی ہو جائے

یعنی کہ بنیاد نشہ پہ ڈالی ہے

اس نے پیار سے دیکھا تھا اک بار مجھے

میں سوچا تقدیر بدلنے والی ہے

رب کی نافرمانی کا بھی خوف نہیں

کون ہے جس نے بات تمہاری ٹالی ہے

آج اسے جی بھر کے میں نے دیکھا ہے

آنکھو کی بینائی جانے والی ہے

اس کے نخروں کا مجھ کو اندازہ ہے

میں نے اپنے گھر میں بلی پالی ہے

میں نے حقیقت میں چاہا ہے جس کو جلالؔ

وہ لڑکی خوابوں میں ملنے والی ہے

آہیں بھی مری جاتی ہیں اور پست ہیں نالے (غزل)

آہیں بھی مری جاتی ہیں اور پست ہیں نالے

کیا مر ہی گئے مجھ کو مرے ڈھونڈنے والے

سایا کوئی کہتا ہے اکیلا مجھے پا کر

جینے کی تمنا ہی تجھے مار نہ ڈالے

حیران تجھے کرتی ہیں دو چار مصیبت

کتنوں کو یہاں جان کے پڑ جاتے ہیں لالے

میں جھوٹ کے سائے میں کھڑا ہوں تو نہیں ڈر

بے موت مریں گے یہ ترے بھیجے جیالے

کتنوں کو میسر وہ مرے بعد رہا پر

میں کر نہ سکا خود کو کسی کے بھی حوالے

آسان محبت کا سفر جان نہ پیارے

پیروں میں نہیں عقل میں پڑ جاتے ہیں چھالے

فاقوں پہ گزر کرتا رہا جن کے لیے تو

چھینیں گے ترے منہ سے ترے حق کے نوالے

اچھا نہ سہی کچھ تو برا کر کے رہوں گا

اک دن تو مرے نام سے نکلیں گے رسالے

اک ایسے مسیحا کی ضرورت ہے جلالؔ اب

جو روح مری جسم کے ملبے سے نکالے

مزید غزلیں از قیوم خان جلال ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں