پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کویتا کرن کی غزلیں — Kavita Kiran Ghazals

کویتا کرن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ملا تھا کوئی سر راہ اجنبی کی طرح (غزل)

ملا تھا کوئی سر راہ اجنبی کی طرح

عزیز لگتا ہے جو مجھ کو زندگی کی طرح

وہ ایک شخص اندھیروں میں جس نے چھوڑ دیا

وہ اب بھی رہتا ہے آنکھوں میں روشنی کی طرح

یہ آرزو مری برسوں کی ہے کہ آپ ملیں

فرشتہ بن کے نہیں بن کے آدمی کی طرح

سمیٹ رکھا تھا جس کہکشاں کو دامن میں

وہ گھر میں اتری ہے اک تازہ روشنی کی طرح

ہم اس لئے ہی تو پلکیں بچھائے رہتے ہیں

بہت عزیز ہو تم ہم کو شاعری کی طرح

وہ ایک سچ مری آنکھوں میں ہے کرنؔ اب بھی

جو خواب بن کے رہا دل میں روشنی کی طرح

آتے جاتے لوگ ہمیں کیوں دوست پرانے لگتے ہیں (غزل)

آتے جاتے لوگ ہمیں کیوں دوست پرانے لگتے ہیں

چاہت کی اس حد پر یا رب ہم تو دوانے لگتے ہے

سننے والا کوئی اگر ہوتا کہتے دل کی باتوں کو

اس کے بنا تو آج ادھورے اپنے فسانے لگتے ہیں

پھر سے بہاریں لے کر آئی مہکی ہوئی سی یادوں کو

آ بھی جاؤ اب ملنے کے اچھے بہانے لگتے ہیں

دل کرتا ہے پھر سے دیکھوں کھوئے ہوئے اس منظر کو

پیاسی آنکھو کو وہ نظارے کتنے سہانے لگتے ہیں

خوشبو وہی ہے رنگ وہی ہے آج وفا کے پھولوں کا

آپ کیا آئے پھر سے چمن میں دن وہ پرانے لگتے ہیں

ٹوٹی ہوئی سی ایک کرنؔ ہے کافی اندھیرے والوں کو

گھر میں اجالا ڈھونڈھنے والے گھر کو سجانے لگتے ہے

مزید غزلیں از کویتا کرن ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں