کاوش جذباتی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہوا کے واسطے کھولیں تھیں کھڑکیاں گھر کی (غزل)
ہوا کے واسطے کھولیں تھیں کھڑکیاں گھر کی
مگر یہ کیا کہ چلی آئی خاک باہر کی
خلا میں گھورتے رہنا ہی اچھا لگتا ہے
نہیں ہے آنکھ کو خواہش کسی بھی منظر کی
کنارے خشک لبوں کی طرح چٹختے ہیں
ہر ایک موج ہی پیاسی ہے کیا سمندر کی
یہاں سے لوگوں پہ پتھراؤ بے معانی ہے
حفاظت آپ سے ہوگی نہ کانچ کے گھر کی
زمین دیکھ کے چلتا ہوں اس طرح کاوشؔ
کہ جیسے قدموں تلے سے زمین اب سرکی
اداس بنجر دکھائی دے گی (غزل)
اداس بنجر دکھائی دے گی
زمین پتھر دکھائی دے گی
ندی چڑھاؤ پہ آ تو جائے
کھلا سمندر دکھائی دے گی
ابھی وہ کھڑکی سے جھانکتی ہے
ابھی وہ چھت پر دکھائی دے گی
کرن اجالے کی دیکھنا اب
چمکتا خنجر دکھائی دے گی
غموں کے چہرے ملیں گے اکثر
خوشی تو پل بھر دکھائی دے گی
مزید غزلیں از کاوش جذباتی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں