پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کوثر خلیقی کی غزلیں — Kausar Khaleeqi Ghazals

کوثر خلیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نہ جینے کی تمنا ہے نہ مر جانے کو جی چاہے (غزل)

نہ جینے کی تمنا ہے نہ مر جانے کو جی چاہے

بتا اے زندگی تیرا کدھر جانے کو جی چاہے

مسرت جب تلک تھی ہم رہے دنیا کے میلے میں

مگر جب شام غم آئی تو گھر جانے کو جی چاہے

نکھر کچھ اس طرح کہ رشک ہو سارے زمانے کو

اگر اے زندگی تیرا نکھر جانے کو جی چاہے

وطن چھوڑا ہے جس دن سے سکوں دل کو نہیں ملتا

یہ عالم ہے کہ دنیا چھوڑ کر جانے کو جی چاہے

شعاعیں اس قدر پھیلا رہا ہے شعر کا سورج

کہ اخبار و رسائل میں بکھر جانے کو جی چاہے

بہت مجبور ہوں کوثرؔ یہ آئین مشیت ہے

وگرنہ کس کا دنیا چھوڑ کر جانے کو جی چاہے

گرے بستیوں پر جو بم جانتے ہیں (غزل)

گرے بستیوں پر جو بم جانتے ہیں

مرے کتنے بے موت ہم جانتے ہیں

بہت ہی عجب ہے طبیعت ہماری

کسی کے ستم کو کرم جانتے ہیں

کہاں احتراماً جھکانا ہے سر کو

کہاں سجدہ کرنا ہے ہم جانتے ہیں

کسی بم کی ہیبت نہیں ان کے دل میں

جو اللہ اکبر کا بم جانتے ہیں

بہت جانکاری کا دعویٰ ہے جن کو

میں یہ جانتا ہوں وہ کم جانتے ہیں

دو عالم میں مشہور ہے حوض کوثر

مگر لوگ کوثرؔ کو کم جانتے ہیں

مزید غزلیں از کوثر خلیقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں