پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کوثر جائسی کی غزلیں — Kausar Jayasi Ghazals

کوثر جائسی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم ترے غم کو جو پرکار بنا کر اٹھے (غزل)

ہم ترے غم کو جو پرکار بنا کر اٹھے

نفس گرم کو تلوار بنا کر اٹھے

آؤ ہم ہنستے اٹھیں بزم دل آزاراں سے

کون احساس کو بیمار بنا کر اٹھے

رات بھر تجربۂ خون جگر ہم نے کیا

صبح دم دشت کو گل زار بنا کر اٹھے

محفل راز میں ہم سہ گئے ہر وہم کی چوٹ

آخر اک عشق کا معیار بنا کر اٹھے

ان نگاہوں کا تقاضائے سخن یوں تھا کہ ہم

بے زبانی کو بھی اشعار بنا کر اٹھے

جب پئے فکر سخن ہم کبھی بیٹھے کوثرؔ

شعر کو مصر کا بازار بنا کر اٹھے

زخم ہی زخم ہیں دل پر کبھی ایسا تو نہ تھا (غزل)

زخم ہی زخم ہیں دل پر کبھی ایسا تو نہ تھا

کرم یار کا نشتر کبھی ایسا تو نہ تھا

پھول جو مجھ کو دئے بن گئے وہ انگارے

وقت عیار و ستم گر کبھی ایسا تو نہ تھا

بستیاں راز کی اشکوں میں بہی جاتی ہیں

موجزن غم کا سمندر کبھی ایسا تو نہ تھا

آج دست طلب اٹھے تو قلم ہو جائے

دور محرومیٔ ساغر کبھی ایسا تو نہ تھا

آنے والے نہیں جب وہ تو یہ رونق کیسی

آج جیسا ہے مرا گھر کبھی ایسا تو نہ تھا

چھن گئی ہو نہ تجلی کہیں دیواروں سے

شور میخانے کے باہر کبھی ایسا تو نہ تھا

پاؤں رکھا تھا جہاں سرو میں خم ہے اب تک

جادۂ عشق میں پتھر کبھی ایسا تو نہ تھا

مزید غزلیں از کوثر جائسی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں