پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کامل قریشی کی غزلیں — Kamil Quraishi Ghazals

کامل قریشی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم اپنے غم کی کبھی خود سے گفتگو کرتے (غزل)

ہم اپنے غم کی کبھی خود سے گفتگو کرتے

تمام عمر ہی گزری یہ آرزو کرتے

جگر کو خون تو دل کو لہو لہو کرتے

کسی طرح تو محبت کو سرخ رو کرتے

زبان ضبط‌ مسلسل سے بند ہے ورنہ

وہ دوستوں نے کیا ہے نہ جو عدو کرتے

نہ مسکراتیں کبھی بھی یہ صبح کی کرنیں

شب فراق جو گل شمع آرزو کرتے

تری تلاش نے فرصت نہ دی ہمیں اے دوست

کہ ہم ذرا کبھی اپنی بھی جستجو کرتے

آ جاؤ تصور میں تصویر بنا لیں گے (غزل)

آ جاؤ تصور میں تصویر بنا لیں گے

ہم شام جدائی کی تقدیر بنا لیں گے

ہم گیسوئے دوراں کی مانگ آؤ سجا ڈالیں

لوگ اس کو مقدر کی تحریر بنا لیں گے

تم ریشمی زلفوں کو شانوں پہ تو بکھراؤ

دیوانے انہیں اپنی زنجیر بنا لیں گے

کیسے ہی سہی لیکن کچھ خواب ہمیں دے دو

ہم ان کی کوئی رنگیں تعبیر بنا لیں گے

صہبا نہ سہی یارو تم زہر ہی دے دیکھو

ہم تشنۂ مے اس کو اکسیر بنا لیں گے

تم کاکل پیچاں کو رخ پر سے ہٹا ڈالو

ہم تیرگیٔ شب کی تنویر بنا لیں گے

دے جاں کے عوض یارب اک عشق ہمیں ورنہ

اس کو بھی ہوس والے جاگیر بنا لیں گے

وہ پھول سے ہاتھوں کو کیوں قتل کی زحمت دیں

ہر نوک پلک ان کی ہم تیر بنا لیں گے

وہ پیکر صد جنت اک بار جو آ جائے

دلی کو بھی کاملؔ ہم کشمیر بنا لیں گے

مزید غزلیں از کامل قریشی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں