کلب حسین نادر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دل آنکھوں سے عاشق بچائے ہوئے ہیں (غزل)
دل آنکھوں سے عاشق بچائے ہوئے ہیں
ہرن کو وہ چیتا بنائے ہوئے ہیں
نہیں لکھتے ہیں خط جو ہم کو وہ قاصد
کسی کے سکھائے پڑھائے ہوئے ہیں
نہ خنجر اٹھے گا نہ تلوار ان سے
وہ بازو مرے آزمائے ہوئے ہیں
اگر ان کو پوجا تو کیا کفر ہوگا
کہ بت بھی خدا کے بنائے ہوئے ہیں
کوئی باندھو نہ باندھے اب کچھ نہ ہوگا
کہ ہم رنگ اپنا جمائے ہوئے ہیں
ہزج میں بھی اشعار اے نادرؔ اب پڑھ
کہ بزم سخن میں سب آئے ہوئے ہیں
کوئی پری ہو اگر ہمکنار ہولی میں (غزل)
کوئی پری ہو اگر ہمکنار ہولی میں
تو اب کی سال ہو دونی بہار ہولی میں
کیا ہے وعدہ تو پھر بزم رقص میں آنا
نہ کیجیو مجھے تم شرمسار ہولی میں
سفید پیرہن اب تو اتار دے اللہ
بسنتی کپڑے ہوں اے گلعذار ہولی میں
ہمارے گھر میں اتاریں گے راہ اگر بھولے
ہیں مست ڈولی کے ان کے کہار ہولی میں
مجھے جو قمقمہ مارا تو کر دیا بسمل
عجیب رنگ سے کھیلے شکار ہولی میں
یہ رنگ پاش ہوئے ہیں وہ آج اے نادرؔ
ہے فرش بزم طرب لالہ زار ہولی میں