پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کلام آذر کی غزلیں — Kalam Aazar Ghazals

کلام آذر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کھود کر صدیوں کی تہہ سے مجھے گھر لے آتا (غزل)

کھود کر صدیوں کی تہہ سے مجھے گھر لے آتا

آنے والا کوئی لمحہ مرے پر لے آتا

کسی دریا سے صدف ڈھونڈتا انساں تھا تو

کسی پتھر کے علاقے سے گہر لے آتا

قد کی لمبائی سے افضل نہیں ہوتا کوئی

ہاں اگر تو مری ہم رتبہ نظر لے آتا

حوصلہ کھو دیا سچ کہنے کا تم نے ورنہ

تلخ جملہ بھی محبت کا اثر لے آتا

وسعتیں پل میں سمٹ آتیں زمانے بھر کی

لفظ اڑنے کو جو تخئیل کے پر لے آتا

سانس لینے کو یہاں زہر بھی پیتے ہیں لوگ

تو بھی آذرؔ کوئی جینے کا ہنر لے آتا

جبیں پہ داغ سیہ خواہشوں کے در کا تھا (غزل)

جبیں پہ داغ سیہ خواہشوں کے در کا تھا

ہر ایک شخص گنہگار اپنے گھر کا تھا

صدف سے چھٹ کے مقید ہوا زمانے میں

شکار میں بھی عجب تنگیٔ نظر کا تھا

عقیدہ ٹوٹ رہا تھا قفس پرستوں کا

سبھی کو خوف مرے بڑھتے بال و پر کا تھا

تھی اچھے اچھوں کی دستار اس کے قبضے میں

کمال یہ بھی عجب دست بے ہنر کا تھا

گناہگار اسالیب تھے زبان نہ تھی

فساد شہر سخن میں دل و نظر کا تھا

تمام عمر ہوائیں لڑی ہیں آذرؔ سے

مگر یہ شخص بلا کے دل و نظر کا تھا

مزید غزلیں از کلام آذر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں