پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کیف مرادآبادی کی غزلیں — Kaif Moradaabadi Ghazals

کیف مرادآبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اہل دل جو بھی بات کہتے ہیں (غزل)

اہل دل جو بھی بات کہتے ہیں

کوئی راز حیات کہتے ہیں

ان کے غم سے ہے جاوداں ورنہ

زیست کو بے ثبات کہتے ہیں

ہائے وہ دور عشق جب آنسو

داستان حیات کہتے ہیں

خواب غفلت میں جو گزرتا ہے

ہم تو اس دن کو رات کہتے ہیں

عشق کی اصطلاح میں غم کو

انقلاب حیات کہتے ہیں

جو بھی ہیں واقف حقیقت دل

دل کو ہی کائنات کہتے ہیں

لفظ و معنی میں آ نہیں سکتی

وہ نظر سے جو بات کہتے ہیں

مرد حق میں تو ماسوا کو بھی

پرتو حسن ذات کہتے ہیں

مدتوں غور کرنا پڑتا ہے

ان سے جب دل کی بات کہتے ہیں

کار گاہ نقوش عبرت کو

کیفؔ سب کائنات کہتے ہیں

بڑھے چلو کہ زمانے کو یہ دکھانا ہے (غزل)

بڑھے چلو کہ زمانے کو یہ دکھانا ہے

جہاں ہمارے قدم ہیں وہیں زمانہ ہے

یہ حسن و عشق کی تفریق اک بہانہ ہے

کہیں نظر کو کہیں دل کو آزمانا ہے

اب اس جنون طلب کا کوئی ٹھکانہ ہے

کہ اپنے آپ کو کھو کر بھی ان کو پانا ہے

بس ایک عشق ہی ایسا شراب خانہ ہے

جہاں سرور کا مفہوم ہوش آنا ہے

الٰہی تمکنت حسن و ناز حسن کی خیر

کچھ آج عشق کا انداز والہانہ ہے

میں ہر گناہ کی حقیقت بتا تو دوں سر حشر

مگر انہیں جو ہر الزام سے بچانا ہے

ذرا جنون تمنا سے دل گزر جائے

پھر اس کے بعد کوئی دام ہے نہ دانہ ہے

میں جانتا ہوں جو ہے فرق ذات و پرتو ذات

مری نگاہ پس پردۂ زمانہ ہے

کسے نصیب ہو سجدہ یہ اور بات ہے کیفؔ

ہر اک جبیں کے قریب ان کا آستانہ ہے

میرے کمرے کے بڑے طاق میں اک آئینہ (نظم)

میرے کمرے کے بڑے طاق میں اک آئینہ

صورتیں سب کو دکھانے کے لئے رکھا ہے

سامنے آئنے کے بیٹھ کے روز ایک چڑا

جانے کیوں عکس سے اپنے ہی لڑا کرتا ہے

کبھی پنجوں سے کبھی چونچ سے حملے کر کے

یہ سمجھتا ہے اسے جیت یقینی ہوگی

اس حماقت سے اگر باز نہیں آئے گا

چونچ کیا اس کی تو رگ رگ کبھی زخمی ہوگی

جب کوئی کام نہ ہوگا اسے لڑنے کے سوا

سانس بھی لے نہ سکے گا کبھی بے خوف و ہراس

پھر کسی دن یہ تماشا بھی نظر آئے گا

ننھی سی لاش پڑی ہوگی اس آئنے کے پاس

سوچتا ہوں کہ مرے ملک کے لاکھوں بچے

روز آپس میں اسی طرح لڑا کرتے ہیں

فائدہ اس سے کسی کو بھی نہیں ہوتا ہے

کچھ نہ کچھ اپنا ہی نقصان کیا کرتے ہیں

یہی عادت جو بنا لی تو وہ دن بھی ہے قریب

چین سے رہ نہ سکیں گے یہ لڑائی کے بغیر

کوئی بھی پاس سے گزرا تو خوشی کا کیا ذکر

کچھ بھی تو کہہ نہ سکیں گے یہ لڑائی کے بغیر

بے سبب لڑنے کے جذبہ کو جو روکا نہ گیا

لوگ عاقل ہوں کہ نادان لڑے جائیں گے

اپنی فطرت ہی بنا لیں گے جو باہم لڑنا

جانور ہوں کہ ہوں انسان لڑے جائیں گے

وہ مخالف نہ سہی اپنا کوئی عکس سہی

مل ہی جائے گا انہیں کوئی جھگڑنے کے لئے

آئنے سامنے رکھ کر یہی سرکش بچے

بیٹھ جائیں گے ہر اک صبح کو لڑنے کے لئے

سب رہے جائیں گے آپس میں اگر مل جل کر

ہر جگہ ملک میں گلزار نظر آئیں گے

اور اگر بغض و عداوت کا یہی جوش رہا

جا بجا لاشوں کے انبار نظر آئیں گے

مزید غزلیں از کیف مرادآبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں